مزید خبریں

بنگلا دیش میں توانائی کا بحران ‘ بجلی کی فراہمی متاثر

ڈھاکا (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلا دیش میں توانائی کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافے کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونا شروع ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق شہری روزانہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہیں۔ بجلی، توانائی اور معدنی وسائل کے وزیر نصر الحامد کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کی وجہ سے عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بنگلا دیش کو گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے جس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلادیش میں حال ہی میں گیس کے نرخوں میں تقریباً 23 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کاخدشہ ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلادیش کی تمام آبادی کو بجلی تک رسائی حاصل تھی اور حکومت نے بجلی کی پیداواری صلاحیت کو 25 ہزار 700 میگاواٹ تک بڑھا دیا تھا،جب کہ طلب 15 ہزار میگاواٹ تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی لاگت کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،تاہم عالمی منڈی کے باعث مشکلات کاسامنا ہے۔