مزید خبریں

Jamaat e islami

انگلینڈ کا دورہ پاکستان 20ستمبر سے شروع ہوگا ، شیڈول جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے 17 سال بعد اپنی سرزمین پر انگلینڈ کی میزبانی کا شیڈول جاری کردیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان 7ٹی -20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز کے ابتدائی چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز بالترتیب 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے باقی 3 میچز 28 ، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔یہ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجکر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔ٹی -20سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے دوبارہ دسمبر میں مدمقابل آئیں گی۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان کے ایک مصروف ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کراچی اور لاہور آمد سے ہورہا ہے۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل دنیا کی ایک بہترین ٹی ٹوئنٹی سائیڈ کے خلاف 7میچز کی سیریز کھیلنے سے قومی کرکٹ ٹیم کو میگا ایونٹ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان مارچ/اپریل میں کامیابی سے آسٹریلیا کی میزبانی کرچکا ہے اور وہ2005 کے بعدپہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کی میزبانی کے لیے بھی انہی انتظامات کو دہرائیں گے۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ریکی ٹیم کے مطمئن ہونے پر ہی دورے کی تصدیق کی ہے۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی نے کہا انہیں یقین ہے کہ شائقین کرکٹ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیمز کا رخ کریں گے۔ روب کی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ مینز کرکٹ پاکستان واپسی کی منتظر ہے اور 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزپر مشتمل اس سیریز سے انہیں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریز اور پھر رواں سال کے آخر میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے انتظامات کے حوالے سے پی سی بی، برطانوی ہائی کمیشن اور دیگر متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ روب کی کا کہنا ہے کہ وہ ای سی بی اور پی سی اے کے نمائندگان کی پری ٹور آمد اورٹورز کے شیڈول کی منصوبہ بندی میں تعاون کرنے پر پی سی بی اور مقامی انتظامیہ کے مشکور ہیں ۔