مزید خبریں

یوم آزادی کراچی انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے پلاٹینم جوبلی یوم آزادی پاکستان فیسٹیول کا افتتاح کردیا۔ رنگارنگ تقریب میں عیدگاہ گرائونڈ ناظم آباد میں کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر اعلی سول و فوجی افسران کے علاوہ کھیلوں کی نامور شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ ہم اپنے ملک کا پلاٹینم جوبلی یوم آزادی سال دھوم دھام سے منائیں گے جس میں مختلف کھیلوں اور دیگر شعبوں کے مقابلے اس فیسٹول کا حصہ ہوں گے جس کا افتتاح 28 اگست کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گذار ہیں کہ اس نے ہمیں ایک آزاد ملک میں پیدا کیا اور ہمیں اپنے قائدین اور اکابرین کی تعلیمات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اس ملک کی حفاظت اور سلامتی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں اور تقریب کے شرکا سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور یکجہتی کے لئے ایک قوم بن کر کام کریں۔