مزید خبریں

کامن ویلتھ گیمز ، آسٹریلیا نے تمغوں کی نصف سنچری مکمل کرلی ، برطانیہ کا دوسرا نمبر

برمنگھم (رپورٹ: سید عاصم علی قادری) 22ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں میں آسٹریلیا بدستور تمغوں کی دوڑ میں سب سے آگے ہے اور ابھی تک میزبان برطانیہ سمیت کوئی بھی اس کے قریب پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ ٓسٹریلوی ایتھلیٹس نے اب تک 60 تمغے جیت لیے ہیں جن میں 22 گولڈ، 13 سلور اور 17 برانز میڈلز شامل ہیں۔انگلینڈ 44 میڈلز کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 21 کے ساتھ تیسرے نمبر پر، جنوبی افریقا 4 جبکہ بھارت اور کینیڈا 3,3 گولڈ میڈلز جیت چکے ہیں۔کامن ویلتھ گیمز کے سوئمنگ مقابلوں میں پاکستان کی تینوں خواتین تیراک ناکام ہوگئیں۔ 100 میٹر فری اسٹائل میں جہاں آرا اور بسمہ خان فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکیں۔اسی طرح 100میٹر بریسٹ اسٹروک میں مشال ایوب بھی فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں۔کامن ویلتھ گیمز کے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں پاکستان کے حیدر علی بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 305 کلو گرام وزن اٹھا کر پانچویں پوزیشن لی، انگلینڈ کے ویٹ لفٹر کرس مرے نے 325 کلو گرام وزن اٹھا کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔دولت مشترکہ گیمز کے ویٹ لفٹنگ کے 81 کلوگرام کیٹگری کے مقابلوں میں پاکستان کے حیدر علی بھی شامل تھے، جنہوں نے اسنیچ کی پہلی باری میں 135 کلو گرام وزن اٹھایا، لیکن وہ دو بار 140 کلوگرام وزن اٹھانے میں ناکام ہوگئے۔کلین اینڈ جرک میں حیدر علی نے پہلی بار میں 161 کلو گرام وزن اٹھایا، دوسری باری میں 169 کے کلو گرام وزن اٹھانے میں ناکام ہوئے لیکن تیسری اور آخری باری میں انہوں نے 170 کلو گرام وزن اٹھایا۔اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر 305 کلو گرام وزن اٹھایا اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔اس ایونٹ میں انگلینڈ کے ویٹ لفٹر نے گولڈ، آسٹریلیا کے ویٹ لفٹر نے چاندی اور کینڈین ویٹ لفٹر نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ دوسری طرف قومی کھیل ہاکی کی ٹیم کامن ویلتھ گیمز، مینز ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ کل اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی ۔ واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں قومی باکسر الیاس حسین نے کامیابی اپنے نام کی تھی۔الیاس حسین نے فیدر ویٹ میں لوسوٹو کے موروکی موکھوٹو کو آئوٹ کلاس کردیا تھا ۔مقابلے کے ریفری نے 2 منٹ 55 سکینڈ میں فائٹ روک دی اور الیاس کو فاتح قرار دیا تھا۔ دوسری جانب اسکواش کے مقابلوں میں بھی پاکستان کے ناصر اقبال پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔