مزید خبریں

کامن ویلتھ گیمز ، نیوزی لینڈ نے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کو 4-1سے ہرادیا

برمنگھم /لندن (سید عاصم علی قادری) کامن ویلتھ گیمز ہاکی ایونٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے، فاتح ٹیم کے ہیوگو انگلیس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 2 گول اسکور کئے، پاکستان کی جانب سے واحد گول غضنفر علی نے کیا، نیوزی لینڈ کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی ہے، قومی ٹیم اپنا تیسرا پول میچ 3 اگست کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی، اتوار کو کامن ویلتھ گیمز ہاکی ایونٹ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو بآسانی 4-1 سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی، پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم دوسرے کوارٹر کے آغاز میں نیوزی لینڈ کے ہیوگو انگلیس نے یکے بعد دیگرے 2 فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی، 26 ویں منٹ میں غضنفر علی نے پاکستان کی طرف سے فیلڈ گول کر کے برتری کو کم کیا مگر تیسرے کوارٹر کے 13 ویں منٹ میں ڈیلن تھامس نے گول داغ کر نیوزی لینڈ کو ایک مرتبہ پھر 2 گول کی برتری دلا دی، چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھی نیوزی لینڈ کے کھلاڑی چھائے رہے اور آخری لمحات میں سیم لین نے گول کر کے اپنی ٹیم کو4-1 سے فتح دلا دی، نیوزی لینڈ کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے اور وہ پول اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلا میچ اسکاٹ لینڈ کے خلاف برابر کھیلا تھا، پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا پول میچ 3 اگست کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے پہلا میچ جنوبی افریقاکے خلاف کھیلا تھا جو 2-2 گول سے برابر رہا۔دوسری طرف پان بیچنے والے بھارتی ایتھلیٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیت لیا۔ نکیت سارگر نے ویٹ لفٹنگ میں مجموعی طور پر 248کے جی وزن اٹھاکر سلور میڈل جیتا ، معمولی فرق سے گولڈ میڈل پانے سے محروم رہے۔ 4سال قبل پان بیچنے والے سنکیت سارگر برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں بھارت کے لیے میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ بن گئے۔سنکیت سارگر نے ویٹ لفٹنگ میں مجموعی طور پر 248کے جی وزن اٹھاکر سلور میڈل جیتا جبکہ معمولی فرق سے گولڈ میڈل پانے سے محروم رہے۔رپورٹس کے مطابق سنکیت نے انتہائی مشکل وقت گزارا، والد نے گائوں سے ہجرت کرنے کے بعد پہلے فروٹ کا ٹھیلا لگایا، پھر پان شاپ اور چائے کا اسٹال چلاتے رہے ۔