مزید خبریں

کامن ویلتھ گیمز ، پاکستان اور جنوبی افریقا کا ہاکی میچ برابر

برمنگھم(رپورٹ: سید عاصم علی قادری)کامن ویلتھ گیمز ہاکی مقابلے میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر ہو گیا ، پاکستان کی طرف سے رضوان علی اور افراز حکیم نے ایک، ایک گول کیا، قومی ٹیم اپنا دوسرا پول میچ آج نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا گیا میچ سنسنی خیز مقابلے کے پہلے کوارٹر میں جنوبی افریقا کے کونر بیچمپ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تاہم پاکستان کے رضوان علی نے شارٹ کارنر پر گول داغ کر میچ برابر کر دیا، تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں۔یتھیو گوز بران نے گول کر کے جنوبی افریقا کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی مگر کھیل کے آخری لمحات میں پاکستان کے افراز حکیم نے شاندار گول کر کے میچ 2، 2 گول سے برابر کردیا۔ دوسری طرف پاکستان کے لیے پہلی کامیابی اسکواش میں ملی جب ناصر اقبال نے جمائیکا کے موریسن کو شکست دے دی۔پاکستان کیلئے پہلے روزقومی اسکواش کھلاڑی ناصر اقبال نے جمائیکا کے موریسن کو رائونڈ 64 میں بآسانی 3-0 سے شکست دی۔ پہلے روز کی طرح باکسنگ مقابلوں کے دوسرے روز بھی پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے ہیوی ویٹ باکسر نذیراللہ خان اپنا ابتدائی رائونڈ انگلینڈ کے باکسر ولیم لیوس سے 5-0 سے شکست کھا کر مقابلوں سے باہر ہوگئے۔ نذیراللہ کا یہ پہلا غیر ملکی سفر تھا۔پاکستان کے باکسر محمد الیاس بھی فیدر ویٹ کلاس میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔