مزید خبریں

شہزادہ چارلس نے دولت مشترکہ کھیلوں کا افتتاح کردیا

برمنگھم /لندن(رپورٹ: سید عاصم علی قادری) انگلینڈ میں 22ویں کامن ویلتھ گیمزکی رنگا رنگ اور دلکش افتتاحی تقریب برمنگھم کے الیگزینڈر اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ شہزادہ چارلس نے دولت مشترکہ کھیلوں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا،افتتاحی تقریب کو معروف ٹی وی سیریز پکی بلائنڈرز کے ڈائریکٹر اسٹون نائٹ نے ڈائریکٹ کیا جبکے تقریب کے کری ایٹو ڈائریکٹر برٹش پاکستانی اقبال خان تھے۔کامن ویلتھ گیمز 2022 کے لئے خصوصی طور پر تیار کئے گئے الیگزینڈر اسٹیڈیم میں موجود 30 ہزار سے زائد تماشائی دلکش اور رنگا رنگ تقریب سے لطف اندوز ہوئے جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں 72 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 5ہزار سے زیادہ ایتھلیٹس 8 اگست تک 280 تمغوں کے مقابلوں میں پنجہ آزمائی کریں گے ۔تقریب میں ملکہ برطانیہ کی جگہ پرنس چارلس نے شرکت کی۔ تقریب میں ملکہ کا کامن ویلتھ ممالک کے عوام کے نام خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔کامن ویلتھ گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ٹیموں کا مارچ پاسٹ ہوا جس میں پاکستان کا 103 رکنی دستہ شریک ہوا، مارچ پاسٹ میں ریسلر انعام بٹ نے پاکستانی دستے کی قیادت کی۔ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں تمغوں کی جنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، گزشتہ روز مقابلوں کے لئے خصوصی طور پر تیار کردہ الیگزینڈر ا سٹیڈیم میں ہونے والی رنگانگ تقریب میں شہزادہ چارلس نے ایونٹ کا افتتاح کیا ۔ا سٹیڈیم میں موجود 30 ہزار سے زائد تماشائی ڈھائی گھنٹے پر محیط تقریب میں آتش بازی سمیت دیگر آئیٹمز کے شاندار مظاہرہ سے لطف اندوز ہوئے، گیمز میں شریک تمام ملکوں کے اسکواڈز مارچ پاسٹ میں شریک ہوئے، شلوار قمیض اور ویسٹ کوٹ میں ملبوس پاکستان کا دستہ ریسلر انعام بٹ کی زیر قیادت میدان میں داخل ہواتو تماشائیوں سے خوب داد سمیٹی ،یادرہے کہ 72 ملکوں کے 5 ہزار سے زیادہ ایتھلیٹس 19 کھیلوں میں 1875 تمغوں کے لئے پنجہ آزمائی کریں گے ، مجموعی طور پر 14 و مقامات پر مقابلے شیڈول ہیں، پاکستان کا 103 رکنی دستہ 12 کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کر رہا ہے، برمنگھم کامن ویلتھ گیمزکے پہلے روز سوئمنگ ، جمناسٹک، ٹریک سائیکلنگ ، ٹرائی تھلون میں مجموعی طور پر 16 تمغوںکا فیصلہ ہوگیا ۔ ہاکی ٹیم کا پہلا مقابلہ جنوبی افریقا سے آج ہوگا، پاکستان ایتھلیٹس، ویٹ لفٹنگ ، باکسنگ اور دیگر میں تمغوں کی امید ہے۔