مزید خبریں

میرپورخاص،اضافی ٹیکس پر بل جمع نہ کررانے پر مارکیٹ کی بجلی منقطع

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) خواتین کے سب سے بڑے تجارتی مرکز کھسک پورہ جس میں درجنوں مارکیٹیں اور سینکڑوں دکانیں ہیں نے حکومت کی جانب سے دکانداروں پر عائد کردہ اضافی سیلز ٹیکس کو جواز بناتے ہوئے مارکیٹ کے صدر امین میمن کے کہنے پر احتجاجاً بجلی کے بل جمع نہیں کرائے جس پر حیسکو کی جانب سے کھسک پورہ مارکیٹ کی بجلی منقطع کردی گئی ہے رابطہ کرنے پر ایس ڈی او وقار سلیم نے بتایا کہ کھسک پورہ مارکیٹ کے دکانداروں پر 32لاکھ روپے کی رقم واجب الادا تھی اور بل جمع کرانے کی آخری تاریخ 27جولائی تھی اور مقررہ تاریخ پر بل نہ جمع کرانے کی وجہ سے دکانداروں پر اضافی 3لاکھ 60ہزار روپے ایل پی ایس بھی لاگو ہوگیا ہے جوکہ انہیں جمع کروانا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دکانداروں پر اضافی سیلز ٹیکس وفاقی کابینہ کی جانب سے ملک بھر کے دکانداروں پر لگایا گیا ہے اور کھسک پورہ مارکیٹ کے دکانداروں نے حکومت کی رٹ کو چیلنج کیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ کھسک پورہ میں متعدد دکانداروں نے بجلی کے بل جمع کروائے ہیں جس کے بعد ان کے ٹرانسفارمر سے بجلی بحال کردی گئی ہے۔ دوسری جانب تاجر رہنمائوں نے اضافی سیلز ٹیکس عائد کیے جانے پر ایک روز قبل احتجاج بھی کیاتھا اور اب اس مسئلے کے حل کے لیے سر جوڑ کر کوئی اور راستہ نکالنے کے لیے مشاورت شروع کردی ہے۔