مزید خبریں

کندھکوٹ ،غیر مقامی افراد کی آبادکاری کیخلاف ایس یو پی کا احتجاج

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے بڈانی میں کارکن مظہر چاچڑ سمیت لا پتا کیے گئے کارکنان کی بازیابی، سندھ میں قبائلی خونی تنازعات اور غیرافرادکی آبادکاری کے کے حوالے سے مرکزی رہنما سید زین شاہ کی قیادت میں سیکڑوں کارکنان نے سٹی پارک سے احتجاج کرتے ہوئے ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ دھرنے میں سید زین شاہ، روشن برڑو، ڈاکٹر نظیر مغل، روشن کلھوڑو، دلمراد ڈاھانی، شاھنواز مرھیٹو، حاجی الطاف حسین بھنگوار، اصغر شیخ، غلام علی سبزوئی سمیت مقامی رہنماؤں وکارکنان کثیر تعداد میں 2 گھنٹے تک بیٹھے رہے۔رہنماؤں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے حقوق کی بات کرنے والے قوم پرست کارکنان کو لا پتا کرنا انسانی حقوق کی پامالی ہے، بڈانی کے مکین ایس یو پی کارکن مظہر چاچڑ کو کچھ ماہ قبل بغیر کسی جرم لا پتا کیا گیا جس کا آج تک کچھ پتہ نہیں ،اس کے گھر میں ماتم ہے ان کے معصوم بچوں اور ماں کی حالت دیکھ کر درد دل رکھنے والا انسان رو پڑے گا۔ مظہر چاچڑ سمیت کندھکوٹ ضلع سے لا پتا کیے گئے تمام کارکنان کو فی الفور آزاد کیا جائے۔ سندھ میں سازش کے تحت عوام کو قبائلی خونی تنازعات میں جکڑا گیا ہے، سندھی عوام اناپرستی کو چھوڑ کر خونی تنازعات ختم کر کے سندھ کے حقوق کی جدوجہد میں شامل ہوں تاکہ سندھ کے خلاف ہونے والی سازشیں ہم ہمیشہ کی طرح ناکام کر کے ایک ہونے کا ثبوت دیں، سندھ میں غیرمقامی افراد کو فوری نکالا جائے۔سیکڑوں کارکنان مطالبہ کرتے ہیں کہ غیرمقامی افراد کو دیر کیے بغیر نکانکالا جائے ورنہ سندھ والے سڑکوں پر نکلے تو روکنا مشکل ہو گا۔ سندھیوں کی تاریخ گواہ ہے اپنی دھرتی کی خاطر جان دینے کے لیے بھی تیار ہیں، ہمارے مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں۔