مزید خبریں

واپڈا کی جبری ٹیکس وصولی کا نوٹس لیا جائے،رفیق منصوری

سانگھڑ(نمائندہ جسارت) حکومت واپڈا کے جبری ٹیکس وصولی کی پالیسی کا نوٹس لے، واپڈا ریاست کے اندر ریاست اور ظالم مافیا بن چکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے امیر محمد رفیق منصوری نے شہدادپور میں جماعت اسلامی کے رہنما عابد لاکھو کے والد کے انتقال پر ان سے تعزیت کے بعد مرکز اسلامی شہدادپور میں مختلف وفود سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمزور حکومتوں اور سیاسی پارٹیوں کی آپس کی کشمکش سے حکومتی رٹ برائے نام اور ادارے خود سر ہوتے جارہے ہیں جو ادارہ جب چاہے حکومت اور عوام کی مرضی کے خلاف فیصلہ کرتا ہے اور حکومت بلا چوں و چرا منظوری دے دیتی ہے ایسی پارٹی جو اقتدار میں ہوتے ہوئے عوام کے حقوق کی حفاظت نہ کرسکے اداروں کے ظالمانہ اقدامات کو روک نہ سکے ایسی پارٹی یا پارٹیوں کو حکومت کرنے کا جواز نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کو سفید ہاتھی تو پہلے ہی کہا جاتا تھا اب یہ ایسٹ انڈیا کمپنی کا کردار ادا کر رہا ہے، واپڈا حکام جب جو چاہیں بجلی کے ریٹ مقرر کریں، بجلی دیں نہ دیں خود سر بنتے جارہے ہیں اور حکومت محض تماشائی کا ادا کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں کے تعین میں عوامی مفادات کو پیشِ نظر رکھا جائے ، بلوں میں لگائے گئے ظالمانہ غیر منصفانہ ٹیکس کو ختم اور بجلی کے مقررہ ریٹوں کو سستا کیا جائے ۔