مزید خبریں

سجاول:اسسٹنٹ کمشنرز کے کھاد اور زرعی ادویات کی دکانوں پر چھاپے

سجاول (نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن کی خصوصی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ ضلع کے مختلف مقامات پر کھاد اور زرعی ادویات کے ڈیلرز اور دکانوں پر اچانک چھاپے مارکر کھاد اور زرعی ادویات کے نرخ نامے اور ریکارڈ چیک کیا اور موقع ہی پر انہوں نے اضافی قیمت پر کھاد فروخت کرنے اور باقاعدہ ریکارڈ نہ رکھنے پر بعض دکانداروں پر بھاری جرمانے بھی کیے۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر شہر یار گل میمن کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی جانب سے مشترکہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک زمینداروں کو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت پر فروخت اور با آسانی کھاد دستیاب نہ ہو۔ انہوں نے تمام کاروباری حضرات کو خبردار کیا کہ وہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت پر کھاد اور زرعی ادویات فروخت کریں اور اپنا ریکارڈ برقرار رکھیں جبکہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ کھاد اور زرعی ادویات کے نرخ نامے بھی نمایاں جگہ پر آویزاں اور کھاد کی فروخت کھلے عام کریں۔ انہوں نے دکانداروں کو مزید تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھاد اور زرعی ادویات زیادہ قیمتوں پر فروخت کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارراوئی عمل میں لاتے ہوئے جرمانے کے ساتھ دکانیں سیل کر کے جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے۔