مزید خبریں

پی ڈی ایم او پی ٹی آئی حکومت میں رتی برابر فرق نہیں ،سراج الحق

کراچیّ(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی حکومت میں رتی برابر فرق نہیں ہے، یہ سب ایک ہی حمام میں ننگے ہیں،چیف الیکشن کمشنرکے خلاف عمران خان کا واویلا فارن فنڈنگ کیس میں اپنے خلاف کسی بھی فیصلے کے خوف کی وجہ سے ہے، موجودہ حکمران ملک کو ایڈہاک ازم پر چلارہے ہیںـ، غیرملکی قرضے حاصل کرنے کے لیے ملکی سونا اور سرکاری اداروں کو گروی رکھنے کی باتیں ملک دشمنی ہے، حکمرانوں کے چہرے پھیکے پڑگئے ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ وہ کیا کریں،الیکشن کمیشن،عدلیہ سمیت تمام اداروں کو متنازع بنادیا گیا ہے ملک اور عوامی مسائل کا حل صرف صاف شفاف انتخابات ہیں۔جماعت اسلامی کے سوا تمام جماعتیں حکومت میں ہیں لیکن یہ لوگ عوام کو ڈیلیور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے نظم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، سندھ کے امیر محمد حسین محنتی ،نائب امرا اظہار الحق،حافظ نصراللہ عزیز،کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن،نائب قیمین عبدالحفیظ بجارانی،مولانا حزب اللہ جکھرو،افضال احمد، محمد مسلم، این ایل ایف کے مرکزی نائب صدر سید نظام الدین سمیت دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ نرم گرم مداخلت سے کام نہیں چلے گا،اسلام آباد کا پورا نظام تہس نہس ہوچکا ہے،قبائلی علاقوں میں علما سمیت مؤثر افراد کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے،داعش اور دیگر عسکری قوتیں ایک بار پھر سر اٹھارہی ہیں جو مقتدراداروں کے لیے لمحہ فکر ہے، ہمیں اتحادی سیاست کے بہت تلخ تجربات ہوئے ہیں اس لیے آنے والے انتخابات میں اپنے نشان اور جھنڈے کے ساتھ الیکشن میں جائیں گے،انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں جس کے لیے تمام جماعتوں کو ایک میز پرآنا ہوگا،موجودہ اتحادی حکومت سے معاملات سنبھالے نہیں جارہے ہیں یہ خوفزدہ ہیں جبکہ اسٹیبلشمنٹ میں بھی لڑائی جاری ہے، پہلی بار فوج کے خلاف اس قدر زیادہ عوام کو بدظن کیاجارہا ہے، جس سے ملکی اداروـں کی ساکھ دائو پر لگ چکی ہے،ملکی اثاثے بیچنے کے بجائے حکمرانوں کے بڑے بڑے محلات اورایوان صدر،وزیراعظم ہائوس اور گورنر زہائوسز کو بیچا جائے،سندھ میں جماعت اسلامی نے پہلی بار بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر امیدوار کھڑے کیے ہیں، یہاں تنظیم کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔