مزید خبریں

امریکا فوری قرض کیلیے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالے،جنرل باجوہ

راولپنڈی/اسلام آباد ( نمائندہ جسارت /آن لائن )پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید جوہ کا امریکی نائب وزیرخارجہ سے رابطہ‘ قرض کی جلد فراہمی کیلیے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے درخواست‘ دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے رابطے کی تصدیق کردی‘ تفصیلات بتانے سے گریز‘ آئی ایس پی آر ہی بہتر بتا سکتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکا سے پاکستان کے لیے قرض کی رقم جلد جاری کرنے کے لیے آئی ایم ایف پر دبائو ڈالنے کی درخواست کر دی ہے غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی نائب وزیرِ خارجہ وینڈی شرمین سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے جس میں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ سے درخواست کی ہے کہ وائٹ ہائوس اور محکمہ خزانہ آئی ایم ایف پر پاکستان کے لیے تقریباً 1 ارب 20 کروڑ ڈالرز کی فوری فراہمی کے لیے دبائوڈالے جو پاکستان کو دوبارہ شروع کیے گئے قرض پروگرام کے تحت ملنے والے ہیں۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے 13 جولائی کو قرض کے لیے پاکستان کو ’اسٹاف لیول کی منظوری‘ دے دی تھی، لیکن یہ لین دین پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے 6 بلین ڈالر کے توسیعی فنڈ کی سہولت کا حصہ ہے۔ مزید برآںپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لئے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لئے پرعزم ہے، ملاقات کے دوران چینی سفیر نے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی اہلکاروں کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی اور علاقائی استحکام کی کوششوں کے لئے کئے گئے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا امریکی نائب معاون وزیر خارجہ وینڈی شرمن سے رابطہ ہوا ہے۔ تاہم رابطے کی تفصیلات آئی ایس پی آر بہتر بتا سکتا ہے ،انہوں نے بھارت کی جانب سے 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں،بھارت نے مشعل کو مقبوضہ وادی سے گزار کر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو نظر انداز کیا،پاکستان نے احتجا جاً شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،بھا رت مقبوضہ کشمیر کے حقیقی نمائندوں کے ساتھ غیر انسانی مظالم سے باز رہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائے، پاکستان سمیت کئی ممالک کی اقتصادی صورتحال انتہائی مشکلات سے گزر رہی ہے،ملک میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال انتہائی تشویش کا باعث ہے،بھارت کی جانب سے پانی کو چھوڑنا ماضی کی طرح انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے،دیکھنا ہو گا ہندوستان نے سیلابی پانی چھوڑنے سے قبل بروقت اطلاع دی یا نہیں۔ ترجمان دفتر خار جہ عاصم افتخار کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کہنا تھا کہ پاکستان کے بیرون ممالک قید باشندوں کا تمام ریکارڈ مرتب ہوتا ہے۔ پاکستانی سفارتی مشنز بیرون ممالک قید ہم وطنوں کی رہائی، وطن واپسی میں کردار ادا کرتی ہیں ترجمان نے کہا پاکستان اور افغانستان کے علماء کے طویل دیرینہ تعلقات ہیں۔ علامہ تقی عثمانی کی قیادت میں علماء کا ایک وفد افغانستان کا دورہ کر رہا ہے‘وفد کا دورہ اچھا ثابت ہو رہا ہے۔ وہ امارات اسلامی افغانستان کے متعدد حکام سے ملاقاتیں کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا سیکرٹری تجارت کی قیادت میں افغانستان کا دورہ کرنے والے وفد کی ملاقاتیں مفید رہیں۔ ترجمان نے کہا پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات ایک مسلسل عمل ہے۔