مزید خبریں

مزدور برادری جماعت اسلامی کو موقع دے

پاکستان میں جمہوریت ایک خواب ہے جو کہ آج تک پورا نہ ہوسکا۔ یہ ملک خداداد جو کہ اسلام کے نام پر بنا تھا جس کا نام ہی اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اسلامی اور جمہوری یہ دونوں خصوصیات ہی پاکستان میں نہیں ہیں۔ جمہوریت کے نام پر یہاں ہارس ٹریڈنگ کی جاتی ہے وہی دو سو خاندان ہیں جو نسل در نسل انگریزوں کی غلامی کرتے چلے آرہے ہیں اور جب تک عوام اسلام اور اس کے تقاضوں کو نہیں سمجھے گی یہی لوگ ہم پر حکمرانی کرتے رہیں گے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو مافیا کو سپورٹ کرتے ہیں اور سرمایہ دارانہ نظام کے ہاتھ مضبوط کرتے چلے آرہے ہیں۔پاکستان میں جمہوریت کا فروغ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب اسمبلیوں میں وہ لوگ جائیں جو عوام کا درد رکھتے ہوں عام عوام میں سے ہی ہوں الیکٹ ایبلز نہ ہوں۔ عوام کے دکھ درد کا مداوا کرسکیں۔ یہاں دیکھا یہی گیا ہے کہ جو جتنا پیسہ پانی کی طرح بہاتا ہے وہی الیکشن جیت جاتا ہے۔ جب کہ وہ لوگ جو عوامی فلاح کا جذبہ رکھتے ہیں وہ پیسے الیکشن پر نہیں بلکہ سالہاسال عوام کی خدمت میں لگاتے ہیں اور ہماری پیاری عوام کچھ لسانیت کی وجہ سے، کچھ برادری کی وجہ سے، کچھ دین کے نام پر فرقوں میں تقسیم ہو کر کے اور کچھ جھوٹے وعدوں اور قسموں پر بھروسہ کر کے انہی چند خاندانوں کو حکمران منتخب کر لیتے ہیں۔
جمہوریت اسی صورت میں ممکن ہے کہ تمام ادارے خلوص دل سے اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں اور فوری الیکشن کروائے جائیں اور پھر جو بھی حکومت آئے اسے اپنی مدت پوری کرنے دی جائے۔نئی آنے والی حکومت کو چاہیے کہ مملکت خداداد کو صحیح معنوں میں اسلامی اور فلاحی ریاست بنائے جہاں کسی مزدور ،محنت کش یا کسان کا حق نہ مارا جائے، جہاں ایک مزدور بھی کھڑا ہو کر حکمران وقت سے سوال کرسکے اور اسے تسلی بخش جواب ملے۔ جہاں حکمران امریکا یا ورلڈ بینک کے بھکاری نہ بنیں، جہاں پورے ملک سے سودی نظام جو کہ اللہ اور رسول سے جنگ ہے اس کا نام و نشان مٹ جائے جہاں کوئی مزدور بھوکا نہ سوئے۔ جہاں کسی کو چوری ڈکیتی یا رہزنی کا اندیشہ نہ ہو۔ جہاں صنعتکار اپنی صنعت کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتا دیکھے گا وہیں مزدور طبقہ بھی خوشحال ہوگا اور پاکستان حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بن جائے گا یہ سب ممکن ہے تب جب ہم عوام دین اسلام کو صحیح معنوں میں سمجھیں۔ قرآن کریم کو پڑھیں اور دیکھیں کہ اللہ تعالیٰ نے زندگی گزارنے کا کیا طریقہ بتایا ہے اور ہمارا کیا طریقہ ہے ہم جب تک اللہ تعالیٰ کے بتائے گئے راستے پر نہیں چلیں گے ذلت نامرادی ہمارے ساتھ رہے گی۔
حکومت وقت کو چاہیے کہ مزدوروں اور محنت کشوں کی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں رکھے تاکہ مزدوروں کی ہر سطح پر مناسب نمائندگی ہوسکے۔ اس رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں یہ عہد کریں کہ قرآن مجید ہم سے کیا کہہ رہا ہے یہ ہم نے جاننا ہے اور آخری بات یہ کہ جماعت اسلامی کی صورت میں صالح قیادت اور تجربہ کار قوم کا درد رکھنے والے افراد موجود ہیں یہ جماعت اسلامی ہی ہے جس میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندگی موجود ہے اور محنت کشوں کی بڑی تعداد کی نمائندہ تنظیم ہے۔ ایک موقع دیں ان شاء اللہ عوام کی توقعات سے بڑھ کر کام کریں گے۔