مزید خبریں

عبد اللہ شفیق کی جیت کے لئے چوتھی اننگز میں سب سے لمبی اننگ

سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی دوسری اننگ میں افتتاحی بلے باز عبداللہ شفیق کے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے524 منٹ میں408 گیندوں پر7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر160 رنزبنانے میں کامیاب رہے۔ انکی اس شاندار اننگ کی بدولت پاکستان نے اس ٹیسٹ میں4وکٹوں سے جیت اپنے نام کی۔پاکستان کو اس میچ میں جیت کے لئے342 رنز بنانے تھے۔ اس نے127.2 اوور میں6 وکٹوں پر344 رنز بناکر میچ جیتا تھا۔ پاکستان کا یہ اسکور جیت کے لئے چوتھی اننگ میں بنایا گیا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ پاکستان کو جیت کے لئے چوتھی اننگ میں بنایا گیا سب سے بڑا اسکور 3 وکٹ پر382 رنز ہے جو اس نے سری لنکا ہی کے خلاف پالے کیلے میں2015 میں بنایا تھا۔
دائیں ہاتھ کے اس بلے باز کی یہ اننگ جیت کے لئے میچ کی چوتھی اننگ میں وقت کے لحاظ سے سب سے لمبی اننگ ہے۔ اس سے پہلے سب سے بڑی اننگ سری لنکا کے اروندا ڈی سلوا نے کھیلی تھی۔ زمبابوے کے خلاف کولمبو میں جنوری1998 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے460 منٹ میں310 گیندوں پر16 چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر143 رنز بنائے تھے اور اپنی ٹیم کو5 وکٹوں سے جیت دلائی تھی۔ اس ٹیسٹ میں سری لنکا کو میچ کی چوتھی اننگ میں326 رنز بناکر میچ جیتنا تھا۔ اس نے113.5 اوور میں 5 وکٹوں پر یہ رنز بنائے تھے اور جیت اپنے نام کی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آٖف اسپین میں اپریل1976 میں جب بھارت نے 147 اوور میں4 وکٹوں پر 406 رنز بناکر جیت حاصل کی تھی تو مہندر امرناتھ نے440 منٹ تک بلے بازی کی تھی اور85 رنز بنائے تھے۔ انکی یہ اننگ وقت کے لحاظ سے جیت کے لئے چوتھی اننگ میں کھیلی گئی تیسری سب سے لمبی اننگ ہے۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگ104.3 اوور میں 6 وکٹوں پر 271 رنز بناکر ڈکلیر کی تھی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لئے403 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس ٹیسٹ سے پہلے کسی ٹیم نے چوتھی اننگ میں اتنا بڑا اسکور بناکر جیت حاصل نہیں کی تھی۔
پالے کیلے میں جولائی 2015 میں جب پاکستان نے سری لنکا کو چوتھی اننگ میں 103.1 اوور میں3 وکٹوں پر 382 رنز بناکر میچ میں کامیابی حاصل کی تھی تو یونس خان نے428 منٹ میں 271 گیندوں پر18 چوکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 171 رنزبنائے تھے۔یہ چوتھی اننگ میں جیت کے لئے کھیلی گئی چوتھی سب سے لمبی اننگ ہے۔ اس ٹیسٹ میں پہلی اننگ میں یونس خان28 منٹ میں24 گیندوں پر 3 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے۔
جسٹن لینگر نے پاکستان کے خلاف ہوبرٹ میں نومبر1999 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں425 منٹ میں295 گیندوں پر 12چوکوں کی مدد سے127 رنز بنائے تھے۔ آسڑیلیا نے اس ٹیسٹ میں 4 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی تھی۔ جسٹن لینگر نے اپنی اننگ سے آسڑیلیا کو جیت کافی نزدیک پہنچا دیا تھا مگر وہ جیت سے 5 رنز سے قریب آئوٹ ہوگئے تھے۔