مزید خبریں

نواز اور فضل الرحمن پی ٹی آئی کیخلاف جارحانہ حکمت عملی بنانے پر متفق

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم نواز شر یف اور مولانا فضل الرحمن نے اتفاق کیا ہے کہ تحریک انصاف کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی جائے‘ آئین پامال کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے، کرپشن اور معاشی تباہی جیسے حقائق کو عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنمائوں نے تحریک انصاف کی سیاست کا مقابلہ کرنے کے لیے جارحانہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا ہے‘ سیاسی اور معاشی حکمت عملی سے متعلق میاں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کی تجاویز سے مکمل اتفاق کیا ہے‘ دونوں رہنمائوں نے پنجاب کے معرکے کے بعد مہنگائی کو کم کرنے کے لیے تیل اور بجلی سستی کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنمائوں کے درمیان پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب اور سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔