مزید خبریں

کوروناکے وار تیز، مزید 7اموات۔ 679نئے کیسز رپورٹ

اسلام آباد (صبا ح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ریاستی اداروں اور میڈیا کو ایسی حکومت کے قیام کیلیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو حقیقی معنوں میں پاکستان کے عوام کی نمائندہ ہو اور سیاسی اور اقتصادی استحکام یقینی بنانے کیلیے ان کی امنگوں اور امیدوں کی عکاسی کرتی ہو۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے 5 ویں بزنس ایکسیلنس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے آئی سی سی آئی کے صدر محمد شکیل منیر اور سابق صدر خالد اقبال ملک نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں، اسلام آباد چیمبر کے عہدیداران اور ارکان، مخیر حضرات اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ اگر پاکستان اپنی جمہوریت کو مضبوط کرے، ایک ایسی حکومت قائم کرے جو حقیقی معنوں میں اس کے عوام کی امنگوں کی نمائندہ ہو اور اس کی قیادت درست فیصلے کرے، بدعنوانی کو روکے، انصاف کی بالادستی قائم کرے اور انسانی حقوق کو فروغ دے تو وہ ایک دہائی کے اندر ترقی کرسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کسی بھی قوم کو خوشحال بنانے کے لیے مشاورتی ادارے، تجارت اور سرمایہ کاری اور جذبہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقوام میں ایک پرامن، خوشحال، ترقی پسند اور باعزت ملک بننے کیلیے درست فیصلے کرنے اور متحرک پالیسیوں پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ بدعنوانی پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے تمام بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے اور بین الاقوامی تعلقات میں تقسیم کی سیاست کا فریق بننے سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں انسانی وسائل کو بہتر بنانے سے پاکستان کو اقتصادی ترقی کی بلند شرح حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔