مزید خبریں

ـ30سال بعد قومی سطح پر یوتھ ہاکی کلب ملیر کی فائنل میں رسائی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی تاریخ میں ڈومیسٹک سطح کے سب سے بڑے ہاکی ٹورنامنٹ چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب بین الصوبائی ہاکی چمپئن شپ کا فائنل 24 جولائی کو کراچی کی سب سے مقبول اور ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم یوتھ ہاکی کلب ملیر اور پنجاب کی ٹیم رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب 30 سال بعد نیشنل سطح کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرکے بڑا کارنامہ انجام دینی والی یوتھ ہاکی کلب ملیر پر انعامات کی برسات جاری ہے، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز حکومت سندھ اختر عنایت بھرگڑی اور ایڈیشنل سیکریٹری غلام معین الدین عاصم نے یوتھ ہاکی کلب ملیر کی شاندار پرفامنس پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ٹیم کے لئے 5 لاکھ روپے، ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ملیر عرفان سلام نے 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا، عرفان سلام کا کہنا ہے کہ یوتھ کلب نے کراچی کا نام روشن کیا نیشنل سطح پر یہ بڑی کامیابی ہے۔ ٹاپ سٹی ون کے چیف ایگزیکٹو کنور معیز نے بھی یوتھ ہاکی کلب کے لئے دو۔ لاکھ روپے کیش ایوارڈ کا اعلان کیا ہے، کنور معیز کا کہنا ہے کہ کھیل کے میدان میں کراچی اور لاہور دو روایتی حریم ہیں، یوتھ ہاکی کلب اور رانا ظہیر اکیڈمی کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل ہائی وولٹیج میچ ثابت ہوگا، شائقین کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔