مزید خبریں

معاشی خوشحالی کا خواب پورا کیا جاسکتا ہے ، عاصم احمد

کوئٹہ/اسلام آباد (کامرس ڈیسک) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد نے کہا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے ذریعے ہی معاشی خوشحالی کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے،بازارچہ گیٹ وے تفتان اور دیگر کی جلد فعالی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں،ڈیوٹی ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود بلوچستان کی مال بردار گاڑیوں کوروکنا کسی طور درست اقدام نہیں ایسا کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا،تجارت پیشہ افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی نے گزشتہ روز چیئرمین ایف بی آر محمد عاصم سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں بازارچہ تفتان گیٹ وے میں تاخیر،بارٹر ٹریڈ کے آٹومیشن کے لیے Webocسسٹم میں کیو سی سی آئی ماڈیول کو فعال کرنے اور پنجاب و سندھ میں ڈیوٹی ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود بلوچستان کی مال بردار گاڑیوں کو روکنے اور انہیں بے جا تنگ کرنے سے متعلق آگاہی دی اور تجویز دی کہ اس بابت ایک کمیٹی تشکیل دی جائے انہوں نے اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر محمد عاصم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بناکر پیداواری شعبوں کو ترقی دی جائے،انہوں نے کہا کہ بازارچہ تفتان گیٹ وے سمیت دیگر کی فعالی اور ان کے ذریعے ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس سلسلے میں کسی طور بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے یقین دلایا کہ بازارچہ تفتان گیٹ وے کو فوری طور پر فعال کرنے کے لیے احکامات دیے جائیں گے اور اس سلسلے میں موجود رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔چیئرمین ایف بی آر محمد عاصم کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود بلوچستان کی مال بردار گاڑیوں کو روکنا قابل قبول نہیں اس بابت ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ہم قانونی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں انہوں نے بارٹر ٹریڈ کے آٹومیشن کے لیے Webocسسٹم میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ماڈیول کو فعال کرنے کی بھی یقین دہائی کرائی اور کہا کہ چیمبرز کا صنعت و تجارت کی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے متعلق کردار اپنی مثال آپ ہے ہم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان و دیگر کے عہدیداران و ممبران کی صنعت و تجارت اور دیگر پیداواری شعبہ جات کی ترقی کے لیے تجاویز اور آراء کو اولیت دیں گے اور ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔