مزید خبریں

حیدرآباد:سابق مختار کار کے گھر میں قتل ہونے والے نوجوان کے ورثا کا احتجاج

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)قاسم آباد میں سابق مختار کار کے گھر میں قتل ہونے والے محنت کش نوجوان عثمان سومرو کے ورثاء نے نوجوان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر سومرو برادری سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مردو خواتین ،بچوں نے ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آدم سومرو‘ عزیز سومرو‘ گلزار سومرو‘طیب سومرو ودیگر نے کہاکہ قاسم آباد کے سابق مختار کے گھر میں مالی کا کام کرنے والے عثمان سومرو کو گولی مارکر قتل کردیا گیا لیکن تاحال اس کے اصل قاتل گرفتار نہیں ہوئے، حکومت کے اس رویے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کیس کی تحقیقات کرنے والے آفیسر سراج لاشاری نے رشوت کے عوض قاتل ماجد خاصخیلی کو تحقیقات سے بری کردیا اور سومرو برادری کے لوگوں کے خلاف کیس داخل کردیا۔ انہوںنے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ نوجوان عثمان سومرو کے واقعے کی کسی ایماندار آفیسر سے تحقیقات اور ملوث اصل ملزم ماجد خاص خیلی اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے نوجوان کے خون سے انصاف کیا جائے، بصورت دیگر سومرو برادری احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے بھوک ہڑتال جاری رکھے گی۔