مزید خبریں

بلدیاتی الیکشن کے التوا کی خبر حیران کن تھی، وزیراعلی سندھ

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے التوا کی خبر حیران کن تھی، اعلان سے کچھ دیر پہلے ملتوی ہونے کا پتہ چلا۔کراچی میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوٹوں کی گاڑیاں پنجاب بھیجنے کی باتیں سفید جھوٹ ہیں ، سندھ ہاؤس کو بدنام کیاجارہاہے ، ماضی میں بھی لانچ سے پانچ ارب روپے پکڑنے کی باتیں ہوئی تھیں۔انہوں نے شیخ رشید کی جلیل شرقپوری سے متعلق فون کال کی طرف اشارہ کیا کہ ایک شخص کی ٹیلیفون کالز سب کے سامنے ہے۔مرادعلی شاہ نے کہا کہ جب عمران گیا تو ملک کو ڈیفالٹ کا خطرہ تھا ، اپنی غلطیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالتے ہیں ، دوسروں کو چور ڈاکو کہنا لوگوں نے آمدنی کا ذریعہ سمجھ لیاہے۔ الیکشن کمیشن میں ایم کیوایم کی پٹیشن پر جواب جمع کرایاتھا ، الیکشن کمیشن کو کہاتھا کہ سندھ حکومت الیکشن کا التوا نہیں چاہتی۔وزیراعلی سندھ نے زور دیا کہ افغان مہاجرین کئی سالوں سے یہاں ہیں،افراتفری پھیلانیوالوں کو آج افغانی یاد آرہے ہیں ، صوبے کا امن و امان خراب کرنیوالوں کو بھی حساب دینا ہوگا۔