مزید خبریں

ووٹ امانت ہے اسکی آخرت میں پوچھ ہوگی‘حافظ نصراللہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ووٹ ایک امانت ہے آخرت میں اس کی پوچھ ہوگی ۔خائن اور بددیانت لوگوں نے سیاست کو بدنام کر دیا ہے ۔نیک اور اچھے لوگوں کو منتخب کیا جائے تاکہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام عملی طور پر نافذ ہوسکے ۔خلیفہ وقت حضرت عثمان غنی ؓنے امت کو خلفشار سے بچانے کے لیے اپنی جان قربان کی اور مدینے کوقتل وغارت گری سے محفوظ رکھا۔ان خیالات کا اظہار شیخ القرآن والحدیث حضرت علامہ مولانا حافظ نصراللہ عزیز نے جامع مسجد قریشاں لانڈھی چراغ ہوٹل میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا ۔حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ آج سودی معیشت نے ہمارے ملک کو تباہ وبرباد کردیا ہے ۔تحریک انصاف ،مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی سب ہی ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں اور انھیں دین اور شریعت کی کوئی فکر نہیں یہ سب اقتدار کے بھوکے ہیں اور اپنے اقتدار کے لیے یہ امریکا اور آئی ایم ایف کے آگے سجدہ ریز ہیں انھیں غریب عوام کی کوئی فکر نہیں ہے ۔انھوں نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی امت کو چین اور سکون فراہم کر سکتا ہے ۔قرآن ہر دور کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔بلدیاتی انتخاب میں عوام نیک اور دیانت دار لوگوں کو منتخب کریں تاکہ امت مسلمہ کا سب سے بڑا شہر امت کو رہنمائی فراہم کرے اور انصاف عدل کا بول بالا ہولوگوں کے بنیادی مسائل حل ہوں۔