مزید خبریں

لوکل کونسلز ملازمین کو سندھ حکومت طرز پرتنخواہیں اور پنشن ملے گی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت اور کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس میں لوکل کونسلز میں انٹرگریٹڈ فنانشل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (IFMIS) متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت سندھ حکومت کے ملازمین کی طرز پر تمام لوکل کونسلز کے ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن ملے گی اور جو ملازمین تعیناتی کے انتظار میں بھی ہوتے ہیں ان کو بھی سندھ حکومت کے ملازمین کی طرح تنخواہیں ملتی رہیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سسٹم کے تشکیل کے بعد اب محکمہ بلدیات کے ملازمین تنخواہیں اور پنشن کے انتظار میں نہیں رہیں گے،مجوزہ سسٹم کے ذریعے ان کو وقت پر تنخواہیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر محکمہ بلدیات ناصر شاہ کی محنت کو سراہا جس نے یہ سسٹم متعارف کرانے کے لیے بڑی کاوشیں کی۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں یہ سسٹم کراچی میں زیر عمل آئے گا اور جلد ہی صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی نافذ ہوتا جائے گا۔بتایا گیا کہ یہ تنخواہوں اور پنشن کا خودکار نظام ہوگا جس میں کے ایم سی اور ڈی ایم سیز ، ڈسٹرکٹ کونسل اور لوکل کونسلز شامل ہیں۔