مزید خبریں

عدالت عظمیٰ میں پی ٹی آئی کی درخواست پرسماعت آج ہوگی

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک )عدالت عظمیٰ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے انتخاب پر ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کے فیصلے کیخلاف چودھری پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت آج کرے گی۔ چودھر ی پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کو رات گئے عدالت عظمیٰ لاہور رجسٹری میں چیلنج کیا تھا ۔ اس موقع پر عدالت عظمیٰ کے باہر اسپیکر پنجاب پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے اوپر آرٹیکل 6 لگتا ہے، دوست مزاری نے آئین توڑا ہے اورتوہین عدالت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جیت چکے تھے، پارلیمانی پارٹی نے مجھے امیدوار نامزد کردیا تھا، مجھے یہ ڈپٹی اسپیکر کہتا ہے آپ خود کو اور آپ کی پارٹی آپ کو ووٹ نہیں دے سکتی، اس نے وہ کام کیا ہے جو غدار بھی نہیں کرتے، اس نے جو کام کیا ہے وہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔قبل ازیںپنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف تحریک انصاف اور ق لیگ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پرویزالٰہی، شاہ محمود، اسد عمر، شفقت محمود ، عمر ایوب ، علی امین گنڈا پور سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے 186 ارکان اسمبلی شریک تھے۔پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھاکہ آج رات ہی سپریم کورٹ جائیں گے، تحریک انصاف کے 186 ارکان بھی سپریم کورٹ جائیں گے۔خیال رہے کہ ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے جبکہ پرویز الٰہی کو پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔