مزید خبریں

چودھری شجاعت نے عظیم والد اور خاندان کی روایت کو زندہ کیا‘ وزیر اعظم

 

لاہور (صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں ایک بار پھر سرخرو فرمایا،چودھری شجاعت حسین نے ایک بار پھر اپنے عظیم والد اور خاندان کی جمہوری روایت کو زندہ و جاوید کیا،آصف زرداری کے تاریخی کردار اور سیاسی رواداری نے بحران کا خاتمہ کیا، اتحاد اور حمایت سے جمہوریت فتح مند ہوئی،یہ بات انہوں نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں ایک بار پھر سرخرو فرمایا۔ چودھری شجاعت حسین چودھری ظہور الٰہی شہید کے سیاسی وارث اور علمبردار ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے ایک بار پھر اپنے عظیم والد اور خاندان کی جمہوری روایت کو زندہ و جاوید کیا۔ان کا یہ کردار جمہوریت اور آئینی اقدار کی جیت ہے ،چودھری شجاعت حسین، ان کے خاندان اور ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ سابق صدر زرداری نے آئین، جمہوریت اور عوام کے مفاد کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے، سابق صدر زرداری کی سیاسی رواداری نے بحران کا خاتمہ کر دیا، سابق صدر آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ایم کیو ایم، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت اتحادی جماعتوں کے تمام محترم قائدین کو فردا فردا خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کے قائدین کی سیاسی بصیرت، اتحاد اور حمایت سے جمہوریت فتح مند ہوئی، قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔