مزید خبریں

معیشت کو سود سے پاک کرنا حکومت کی شرعی اور آئینی ذمے داری ہے‘ قبلہ ایاز

اسلام آباد ( آن لائن)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز قومی معیشت سے سود کے خاتمے اور سود پر وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے مابعد کی صورت حال کے لیے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ٹاسک فورس کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مؤرخہ 28 جون 2022ء کو وزیر اعظم کے نام خط میں ٹاسک فورس بنانے کی تجویز دی تھی۔ وزارت خزانہ کی طرف سے اس تجویز کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لانا اور فوری طورپر اس کے ٹی او آرز کا تعین کرنا لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا معیشت کو سود سے پاک کرنا حکومت کی شرعی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ اس سے عہدہ بر آ ہونے کی ہر سنجیدہ کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ امید ہے ٹاسک فورس اپنے تفویض کردہ کام کو جلد سرانجام دے گی۔ یہ معاملہ زیادہ طوالت اختیار نہیں کرے گااور حکومت ٹاسک فورس کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔