میرپورخاص(نمائندہ جسارت)ڈی آئی جی میرپورخاص ذوالفقار علی مہر کی سربراہی میں محرم الحرام سے متعلق ڈی آئی جی آفس میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور پیس کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اجلاس میں ڈویژن کے تینوں اضلاع کے ایس ایس پی صاحبان، ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری، ایس ایس پی عمرکوٹ مختار خاصخیلی، ایس ایس پی تھرپارکر حسن سردار نیازی، اور تمام مکاتب فکر کے نمائندے علما کرام و تینوں اضلاع کے پیس کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سیکورٹی انتظامات و دیگر ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کیے گئے تمام تر حفاظتی انتظامات اور سیکورٹی پلان کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علما اور پیس کمیٹی کے ممبران سے تبادلہ خیال کیا گیا اور سفارشات پیش کی گئیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی نے علما کرام و پیس کمیٹی کے ممبران اور نمائندگان سے محرم الحرام میں سیکورٹی، امن امان کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل سنے اور بروقت ضروری ہدایات بھی جاری کیں اور یقین دہانی کروائی کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے رینج پولیس میرپورخاص کا مکمل تعاون رہے گا،تمام علما کرام کسی بھی فورم سے مذہبی دل آزاری یا مذہبی منافرت کے پھیلائو کی حوصلہ شکنی کریں، محرم الحرام کے حوالے سے بہترین سیکورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں حکومت سندھ کی محرم الحرام کے دوران کورونا سے متعلق جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد منتظمین جلوس و مجالس ہر صورت یقینی بنائیں ، محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کے حفاظتی انتظامات پر کسی قسم کی کوتاہی برادشت نہں کی جائے گی، جبکہ مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، پولیس کے ساتھ ساتھ پاکستان رینجرز اور رضاکار بھی امن و امان اور فول پروف حفاظتی انتظامات کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاہم تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور پولیس کے باہمی تعاون سے امن و امان کے قیام اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ تمام علما کرام اور پیس کمیٹی کے ممبران کا تعاون قابل ستائش ہے آخر میں دعائے خیر کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔