مزید خبریں

ڈگری، بجلی کے بلز کی رقم سے دگنا ٹیکس آنے پر عوام پریشان

ڈگری (نمائندہ جسارت)ڈگری میں رواں ماہ محکمہ حیسکو کی جانب سے صارفین کو ملنے والے بجلی کے بلوں نے دن میں تارے دکھا دیے۔ بل کی رقم سے د گنا اور تین گنا ٹیکس سے عوام پریشان ہو گئے۔ اس اقدام سے بجلی کی چوری کم ہونے کے بجائے مزید بڑھے گی۔ ڈگری کے ایک رہائشی صارف محمد عمران ولد زاکر پراچہ شاہی بازار ڈگری نے بتایا کہ اس کے گھر کا بجلی کا موجودہ بل 2768 روپے ہے۔جبکہ اس پر ٹیکس 3417 لگا کر ٹوٹل بل 6185 بھیج دیا گیا ہے۔ عمران پراچہ کا کہنا تھا کہ میں ایک غریب آدمی ہوں۔ اتنا بل ادا نہیں کرسکتا۔ یہ ہمارے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے۔ ہم غریبوں کی اب کون سنے گا۔ اسی طرح ایک دوسرے صارف نے بتایا کہ ان کے گھر کا بل190 یونٹ کا موجودہ بل2650 روپے تھا۔جس میں بجلی کی قیمت 1998.60 روپے لگائی گئی۔ جبکہ اس پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 4244.45 روپے۔اس ٹیکس پر مزید ٹیکس123 روپے۔ محصول بجلی 31.82 روپے۔ٹیلی ویژن فیس 35 روپے۔ جنرل سیلز ٹیکس380 روپے۔ایف سی سر چارج 81.70 روپے فیول ایڈجسٹمنٹ پر بھی ٹیکس795.67 روپے۔ لگا کر ٹوٹل ایک ماہ کا بل7690 روپے ادا نہ کرنے پر مزید ٹیکس220 روپے ٹوٹل 7910 روپے کا بل بجلی بھیج دیا گیا۔ اسی طرح کا معاملہ اس بار تمام صارفین کے ساتھ روا رکھا گیا ہے۔ ان شکایات پر ایکسیئن حیسکو ڈگری۔ ایس ڈی او حیسکو ڈگری عوامی شکایات کا فوری نوٹس لے کر غریب صارفین کیساتھ ہونے والی ناانصافی کا نوٹس لیں۔ یہ سزا صرف جائز طریقے سے بجلی استعمال کرکے ہر ماہ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والوں کو دی جارہی ہے۔ بجلی چور تو ماہانہ بھتہ دیکر بجلی کا بے دھڑک استعمال کررہے ہیں۔ بجلی کے صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ انکے بلوں میں لگے فیول ایڈجسٹمینٹ ٹیکس کو فی الفور واپس لے کر عوام کو سہولت دی جائے۔ تاکہ بجلی چوری کے واقعات کاسدباب ہو سکے۔ اور لوگ قانونی طریقے سے جائز بل ادا کرکے بجلی استعمال کرنے کے جذبے کو فروغ دے سکیں۔ کم ازکم سو یونٹ بجلی استعمال کرنے پر سب سے زیادہ رعایت ہونی چاہئے۔ سو سے زائد یونٹ کے استعمال پربجلی کے مناسب ریٹ رکھے جائیں۔ مگر ہمارے پاس اسکا الٹا عمل ہو رہا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگ حسیکو کے ملازمین کی ملی بھگت سے بجلی چوری کرتے ہیں۔ اگر حیسکو ملازمین کے خلاف بجلی چوری کی منصفانہ تحقیقات کراکے سزائیں دی جائیں۔ تو بجلی چوری کے واقعات کا سدباب ہو سکتا ہے۔