مزید خبریں

ماحولیاتی آلودگی کنٹرول کرنے کیلیے پالیسی بنائی جائے، عامر لطیف

پشاور(این این آئی)سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبرپختونخوا عامر لطیف نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے ذریعے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے اور ان میں کمی لانے کیلیے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ مختلف پالیسی امورپر کام شروع کر رہا ہے ۔ فضا ئی آلودگی صرف پاکستان کا ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور پوری دنیا اس کو کنٹرول کرنے کے لیے منصوبہ بندی اور کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ ذمے دار شہری ہونے کا مظاہرہ کرکے آلودگی پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اور انوائرنمنٹل سائنسز ڈپارٹمنٹ یونیورسٹی آف پشاور کے اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ میں انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور تاریخ میں پہلی بار گاڑیوں سے نکلنے والی آلودگی کو چیک کرنیکیلیے قومی ماحولیاتی معیارات (NEQS) کو تبدیل کر کے عالمی معیار کے مطابق بنایاگیا ہے اور یہ تاریخی تبدیلی وفاق سے 1994ء میں ملنے والے کوالٹی اسٹنڈرڈز میں کی گئی ہے اور اس میں گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی کا سبب بننے والی گیسوں کو پہلی دفعہ شامل کیا گیاہے اور پہلے سے موجود اسٹنڈرڈز کو مزید سخت بنایا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور اور صوبے کے دوسرے اضلاع میں گاڑیوں کو جانچنے کے لیے 9 اسٹیشن جن میں پشاور، مردان، سوات، ملاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان شامل اور 14 موبائل لیبارٹریاں کام کر رہی ہیںگاڑیوں کا معائنہ بذریعہ مشین کیا جاتا ہے ان مشینوں کے ذریعے گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کی کیفیت معلوم کی جاتی ہے اگر گاڑی سے نکلنے والے دھوئیں مقرر کردہ قومی ماحولیاتی معیار کے مطابق ہوں یا اس سے کم ہوں تو گاڑیوں کو پاس سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے جس کی معیاد6مہینے ہوتی ہے اگر گاڑی کے دھوئیں کی کیفیت مقرر کردہ قومی ماحولیاتی معیار سے زیادہ اور تجاوز کرتی ہو تو اُس کو جرمانہ کیا جاتا ہے اور کاغذات ضبط کیے جاتے ہیں جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ویٹس ٹیم کے ماہر ٹیکنیشن گاڑیوں کے مالکان کو گاڑیوں کی خرابی اور اسے صحیح کرنے کے لیے ہدایات بھی دیتے ہیں اور گاڑی کے ٹھیک ہونے کے بعد اس کا دوبارہ معائنہ کیا جاتا ہے سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے انوائرنمنٹل سائنسز ڈپارٹمنٹ کے طلبا وطالبات کیلیے انٹرن شپ کا اعلان کیا جس کے تحت 10 اسٹوڈنٹس کو 3 مہینے کیلیے محکمہ ٹرانسپورٹ انٹرن شپ کا موقع فراہم کریگاور اس دوران انٹرن شپ کرنے والوںکو 25 ہزار مہینہ وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔