ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)غیر سرکاری تنظیم عورت فائونڈیشن کی جانب سے ضلعی سطح پر سیاسی پارٹیوں کے منشور کے حوالے سے ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی عورت فاونڈیشن کی ریزیڈینشل ڈائریکٹر مہناز رحمان تھیں جبکہ اعزازی مہمانوں میں ملکہ خان، جماعت اسلامی کی الفت نصیر، حمیرا علی،،شہناز ، نسیم ،شیربانو، اور ایس ایس پی آفس شکایت سیل برائے خواتین کی انچارچ شبانہ جاکھرو تھیں۔ ورکشاپ میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، قومی عوامی تحریک، مسلم لیگ ن، مرزا انور حسن بیگ ، مرزا ثمر حسن بیگ اور دیگر جماعتوں کی خواتین نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اور اپنی اپنی پارٹی کے منشور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے خواتین کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جاتا ہے، اس کے علاوہ مرد وڈیروں سے مل کرکر خواتین کو اپنی مرضی کاووٹ نہیں ڈالنے دیتے، خواتین عدم تحفظ کاشکار ہیں ، جماعت اسلامی کی اُلفت نصیر نے کہا کہ ان کی جماعت کے مرد اور خواتین الیکشن میں پھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں ۔ تقریب کی میزبان عورت فائونڈیشن کی تنزیلہ اور فوزیہ انصاری نے کہا کہ عورت فائونڈیشن کے پروجیکٹ جذبہ کے تحت ہم نے خواتین کو انتخابات کے بارے میں ناصرف معلومات دی ہیں بلکہ انہیں انتخابات میں حصہ لینے اور اپنے حقوق حاصل کرنے کے بارے میں آگاہی بھی دی ہے۔