مزید خبریں

عبداللہ شفیق 700سے زیادہ رنز بنانے والے چوتھے بلے باز

سری لنکا کے خلاف گول میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں اپنی شاندار بلے بازی سے پاکستان کو چار وکٹ کی جیت دلانے والے افتتاحی بلے بازعبداللہ شفیق اپنی آئوٹ ہوئے بغیر160 رنز کی اننگز کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے سات سو رنز مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس ٹیسٹ کے اختتام تک انہوں نے جو 6 ٹیسٹ کھیلے انکی 11 اننگز میں80.00 کی اوسط اور40.08 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے720 رنز بنائے۔
عبداللہ شفیق نے اپنا پہلا ٹیسٹ بنگلا دیش کے خلاف چٹا گانگ میں نومبر2021 میں کھیلا تھا جسکی دونوں اننگوں میں وہ نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 52 رنز اور دوسری اننگز میں73رنز بنائے تھے۔ اسی سریز کے دوسرے ٹیسٹ میں جو میرپور ڈھاکا میں کھیلا گیا تھا وہ25 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔مارچ 2022 میں آسڑیلیا نے جب پاکستان کو دورہ کیا تھا تو راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میں وہ پہلی اننگز میں44 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں136 رنز بناکر نا ٹ آئوٹ رہے تھے۔ کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے پہلی اننگز میں13 رنز اور دوسری میں96 رنز بنائے تھے۔ اس سریزکے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں جو لاہور میں کھیلا گیا تھا، دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے پہلی اننگز میں81 اور دوسری میں27 رنز بنائے تھے۔ گول ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ13رنز بناکرآئوٹ ہوئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں انہوں نے آئوٹ ہوئے بغیر160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
پہلے چھ ٹیسٹ میچوں میں700 یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے عبداللہ شفیق چوتھے کھلاڑی ہیں۔ پہلے چھ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈٖبھارت نے سنیل گواسکر کے پاس ہے جنہوں نے 12 اننگز میں101.33 کی اوسط کے ساتھ چار سنچریوں اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے912رنز بنائے تھے۔آسڑیلیا کے ڈان بریڈمیں نے اپنے پہلے 6 ٹیسٹ میچوں کی12 اننگوں میں کی اوسط کے ساتھ چار سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے78.36 کی اوسط کے ساتھ862 رنز بنائے تھے اور وہ پہلے 6 ٹیسٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔پہلے 6 ٹیسٹ میچوں میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے جارج ہیڈلی ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے12 اننگوں میں60.83 کی اوسط کے ساتھ4 سنچریوں کی مدد سے730 رنز بنائے تھے۔عبداللہ شفیق سے پہلے پاکستان کی جانب سے پہلے 6 ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کاریکارڈ جاوید میاں داد کے پاس تھا۔ اپنے پہلے ٹیسٹ میچ سنچری اور تیسرے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دائیں ہاتھ کے اس کھلاڑی نے پہلے 6 ٹیسٹ میچوں کی10 اننگوں میں72.44 کی اوسط کے ساتھ دو سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے652 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں اکتوبر 1976میں کھیلا تھا جس میں وہ 163رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔