مزید خبریں

بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف جماعت اسلامی آج دھرنا دیگی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی مذمت کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے الیکشن وقت پر کروائے جائیں، جماعت اسلامی سندھ حکومت کی سازش کو ناکام کرے گی، الیکشن ملتوی کرنا جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کر کے غیر جمہوری قوتوں کے مقاصد کو پوار کیا ہے جو نہیں چاہتے کہ صالح دیانت دار قیادت سامنے آئے ۔سندھ حکومت الیکشن سے راہِ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے ۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، الیکشن کمیشن پہلے ہی متنازع تھا اب اور ہوگیا، جماعت اسلامی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف22جولائی کو شام 5بجے حیدر چوک پر بھر پور عوامی قوت کے ساتھ دھرنا دے گی ۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حیدر آباد کے امیر عقیل احمد خان نے مرکز تبلیغ اسلام شاہ مکی روڈ میں بلدیاتی الیکشن میں شہر بھر کے جماعت اسلامی کے بلدیاتی امیدواران ، ارکان شوریٰ اور زونل ناظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عبدالقیوم شیخ ، ڈاکٹر سیف الرحمن ، جنر ل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالباسط خان نے بھی شرکت کی ۔ عقیل احمد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سندھ اور پیپلز پارٹی کاگٹھ جوڑ ہے ،الیکشن کمیشن کو سندھ حکومت کے بجائے تمام سیاسی جماعتوں سے مشورہ کرنا چاہیے تھا لیکن بارش کو جواز بنا کر الیکشن کو ملتوی کیا گیا ، سندھ حکومت پہلے سے ہی الیکشن ملتوی کرانا چاہتی تھی جس میں وہ کامیاب رہی، جماعت اسلامی اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو فیصلے کو مسترد کر کے بلدیاتی الیکشن 24جولائی کو کروائے جائیں۔جماعت اسلامی 22 جولائی شام 5بجے حیدرچوک پر بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف دھرنا دے گی۔