مزید خبریں

آرمی چیف اور سربراہ پاک فضائیہ سے ترک سفیر کی ملاقات

راولپنڈی/ کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف اور سربراہ پاک فضائیہ سے ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی کی ملاقات، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترک سفیر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کیلیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ترک سفیر کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی اور سیکورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم ترکیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں اور ہماری ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں ترکیہ کے سفیر نے سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک سفیر نے دونوں فضائی افواج کے مابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ائر چیف نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور پر باہمی ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔