مزید خبریں

سکندر سلطان کے چیف الیکشن کمشنر ہوتے عام انتخابات میں حصہ نہیں لینگے،عمران خان

لاہور،اسلام آباد(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب اسمبلی میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تو سب کو خبر دار کررہا ہوں کہ یہ ملک سری لنکا کی طرف جائیگا، پھر جو ہوگا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا۔لاہور کے علاقے لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کے مظاہرے سے ویڈیولنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سکندر سلطان جیسا بددیانت الیکشن کمشنر نہیں دیکھا، ہم ساری چیزیں الیکشن کمیشن کو بتاتے رہے،سکندر سلطان نے سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی الیکشن صرف بارش کی وجہ سے ملتوی کردیا جب کہ ڈسکہ میں پورا الیکشن دوبارہ کرایا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اس الیکشن کمشنرکی نگرانی میں جنرل الیکشن نہیں لڑیں گے، سب سے بڑی جماعت کو جب اس پریقین نہیں تو اسے استعفا دے دینا چاہیے، تحریک انصاف کا چاروں صوبوں میں ووٹ بینک ہے، ووٹنگ مشین کے ذریعے دھاندلی کے 130 طریقے ختم ہوجاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا ضمنی الیکشن کرانے والوں کو سزا ملنی چاہیے، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو ہرانے کا ہر حربہ استعمال کیا گیا، اگرپنجاب اسمبلی میں چوری کے پیسے سے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تو سب کو خبر دار کر رہا ہوں کہ یہ ملک سری لنکا کی طرف جائیگا، پھر جو ہوگا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا، لوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، یہ جاگی ہوئی قوم ہے، یہ نہ سمجھنا کہ یہ چپ کرکے بیٹھی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام کے مینڈیٹ کو عزت دی گئی تو پھر کل ہم اللہ کا شکر ادا کریں گے اور جشن منائیں گے، ہماری حکومت آئی تو ہم نے ان افسران کے نام لکھے ہوئے ہیں جنہوں نے عوام پر ظلم کیے، ہم بھولیں گے نہیں۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی ایک جہاندیدہ سیاستدان ہیں، ہمارے ارکان اسمبلی نامزد وزیر اعلیٰ کا بھرپور ساتھ دیں گے،عثمان بزدار کو مشکل وقت میں وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا تھا۔لاہور میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار جب وزیر اعلی بنے تو پارٹی میں دھڑے بندی تھی، جتنا مشکل وقت عثمان بزدار نے گزارا خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔سابق وزیر اعظم نے اجلاس کے شرکا سے کہا کہ آپ لوگ قابلِ فخر ہیں جو تمام دھونس دھاندلی کے باوجود نہ جھکے، ہمارا مقصد وطن عزیز کو عظیم تر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد ملک کو آزاد کرنا ہے، کوئی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی جب تک خود کو کرپشن سے آزاد نہ کرے۔ اس سے قبل عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔اس موقع پر فواد چودھری نے دعوی کیاکہ اس وقت اجلاس میں186 ارکان شامل ہیں۔قبل ازیںچیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کہتے ہیں کہ جرائم کے بادشاہ زرداری اور شہباز شریف اپنا این آر او ٹو حاصل کر کے اپنی لوٹی ہوئی دولت پنجاب کے ایم پی ایز کو خریدنے کیلیے استعمال کر رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ان بدمعاشوں کیلیے سری لنکا واضح مثال ہے، عوام آپ کو پنجاب میں اپنا مینڈیٹ چرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے لکھا کہ تبدیلی سرکار کی امریکی سازش سے لائی گئی امپورٹڈ حکومت نے پہلے ساکھ سے محرومECP کی سربراہی پر فائز بد دیانت اور متعصب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی معاونت سے سرکاری+ حکومتی مشینری کے ذریعے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی لیکن نہایت باشعور اور پرعزم عوام نے اپنی ثابت قدمی سے ان کے مذموم عزائم ناکام بنائے ْسابق وزیر اعظم نے مزید لکھا کہ اب جرم کی دنیا کے بادشاہ زرداری اور شہباز NRO2 لینے کے بعد MPAs کو خریدنے کیلیے نہایت بے رحمی سے لوٹی گئی دولت استعمال کرتے ہوئے قانون کا مذاق اڑانے اور آئین پامال کرنے میں مصروف ہیں۔