مزید خبریں

بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام ذہنی مریض بن گئے،الطاف میمن

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے 10 دنوں تک دوبارہ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حیدرآباد کی عوام حیسکو کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے ذہنی مریض بن گئے ہیں اور تھوڑی سی بارش کے بعد 10,10 گھنٹے بجلی کا غائب ہونا معمول بن گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہو جانے کی صورت میں ہفتوں اُن علاقوں کا کوئی پرُسانِ حال نہیں ہوتا۔ صدر چیمبر نے کہا کہ حیسکو کو آنے والے بارشوں کے نئے ریلے کے لیے تیاری کرنی چاہیے اور جن علاقوں میں بھی ٹرانسفارمرز خراب ہوں اُن کے لیے ٹرالی ٹرانسفارمر کو ہر وقت تیار رکھنا چاہیے۔ الطاف میمن نے مطالبہ کیا کہ حیسکو کو نیپرا کی جانب سے مکمل بجلی کی ترسیل جاری کی جارہی ہے اِس لیے حیدرآباد کے کاروباری اور رہائشی
علاقوں کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دیا جائے تاکہ عوام و تاجر کچھ حد تک سکھ کا سانس لے کر دوبارہ بارشوں کے دوران غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوسکیں۔