مزید خبریں

اللّٰہ کی تلوار… سیدنا خالد بن ولیدؓ

اسلام کی ساڑھے چودہ سو سالہ تاریخ ایثار وقربانی، عزم وہمت، حوصلے وجواں مردی، شجاعت وبہادری کی روشن اور تاب ناک مثالوں سے بھری پڑی ہے، روز اول سے ہی فرزندان توحید نے جور وظلم کے خاتمے اور طاغوتی طاقتوں کی سرکوبی کے لیے سرفروشانہ کوششیں کی ہیں اور بزم کفر کے علم برداروں کے لیے برق بے اماں ثابت ہوئے ہیں، اسلامی مجاہدین نے ہر دور میں اپنی بے مثال قربانیوں اور جگرکاویوں کے ذریعے سے مشرق سے لے کر مغرب تک اور شمال سے لے کر جنوب تک عدل وانصاف کا پرچم بلند کیا اور جبر وظلم میں پس رہی انسانیت کو سہارا دیا اور ایک ایسے پائیدار نظام کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا جس کے تحت معاشرے کے ہر فرد کو امن وسکون نصیب ہو اور ہر شہری کو آزادانہ طور پر اپنے اپنے مذہب وعقیدے پر چلنے کی آزادی ہو۔
گلشن جہاد کا ایک گل سرسبد، اسلامی مجاہدین کے لیے باعث شرف وافتخار اللہ کی تلوار، سیدنا حضرت خالد بن ولیدؓ ہیں، آپ جرأت وبے باکی اور عزم وحوصلے کے پیکر جمیل تھے، ہمت وجواں مردی اور فولادی ارادے کی مجسم تصویر تھے، آپ تیغ زنی اور نیزہ بازی میں بے مثال تھے، سپہ گری اور فنون حرب و ضرب سے واقف تھے، سپہ سالاری اور قیادت میں کوئی آپ کا ثانی نہ تھا، دشمنوں کی ٹڈی دل فوج کو آپ اپنی دلیرانہ اور جرأت مندانہ تدبیر کے ذریعے سے تتر بتر کردیتے تھے، اور اپنی اقدامی کاروائی سے شیطانی طاقتوں کی کمر توڑ دیتے تھے، یوں تو تاریخ اسلام کے اس بہادر ہیرو نے اپنے لازوال کارناموں کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور اپنی دانش مندانہ قیادت کے ذریعے سے اسلامی فتوحات کی ایک نئی طرح ڈالی ہے، آپ کی معرکہ آرائیوں اور ہمہ گیر مہموں کا احاطہ کرنا ایک مشکل کام ہے، اس لیے اس مرد مجاہد کے چند سبق آموز واقعات سپرد قرطاس کیے جاتے ہیں، جن سے ان شاء اللہ ہماری خوابیدہ ہمتیں بیدار ہوں گی اور حوصلہ وجرأت مندی کے ولولہ انگیز جذبات انگڑائی لیں گے اور خوف وہراس کا ہر طرف چھایا ہوا بادل چھٹے گا۔
جنگ موتہ بیت المقدس کے قریب مسلمانوں اور عیسائیوں کے مابین لڑی جانے والی مشہور جنگ ہے، اس خون آشام معرکے کا پس منظر یہ تھا کہ اللہ کے رسولؐ نے سیدنا حارث بن عمیرؓ کو دعوتی خط دے کر بصرہ کے حاکم کے پاس روانہ کیا، راستے میں ایک اسلاموفوبیائی مریض شرحبیل بن عمرو غسانی، جو قیصر روم کی طرف سے بلقاء کا گورنر تھا اور اس کے دماغ میں اختیارات کا غرور اور اقتدار کا نشہ سمایا ہوا تھا، نے انہیں تنہا دیکھ کر گرفتار کرلیا اور انہیں نہایت بے دردی سے قتل کردیا، بزدل اور شکست خوردہ لوگوں کی ایسی ہی گھٹیا اور نیچ حرکتیں ہوا کرتی ہیں، مرد مجاہد کو تنہا اور اکیلا دیکھ کر ان کے تعفن زدہ رگوں میں انتقام کا خون دوڑ جاتا ہے اور ایک نہتے مسلمان پر حملہ کرکے نام نہاد بہادری دکھاتے ہیں، سفیر کو قتل کردینا ایک بین الاقوامی جرم تھا، ہر ملک اور ہر مذہب میں اسے ناپسندیدہ سمجھا جاتا تھا، اس لیے اللہ کے رسولؐ کو جوں ہی اس کی اطلاع پہنچی تو یہ بات آپ پر بڑی گراں گزری اور آپ نے اسے اسلامی اقدار و روایات پر حملہ سمجھ کر بغیر کسی لیت ولعل کے ان ظالم طاقتوں کی سرکوبی کے لیے تین ہزار کا لشکر ترتیب دیا اور آپؐ نے اس لشکر کا سپہ سالار سیدنا زید بن حارثہؓ کو مقرر کیا اور فرمایا کہ اگر زید قتل کردیے جائیں تو جعفر اور جعفر قتل کردیے جائیں تو عبد اللہ بن رواحہ سپہ سالار ہوں گے، اسلامی مجاہدین کا یہ چھوٹا اور معمولی سا لشکر سپر پاور طاقت سے ٹکرانے؛ بلکہ یوں کہیے کہ اسے پاش پاش کرنے کے لیے مدینہ منورہ سے روانہ ہوا، ادھر یہ تین ہزار کا مختصر لشکر تو ادھر طاغوتی طاقتوں کی دولاکھ ٹڈی دل فوج، نگاہ فلک حیران تھی کہ آخر یہ کیسے دیوانے ہیں جنہیں اپنے جانوں کی پرواہ نہیں؟ ان کے ہر بڑھتے قدم پر عقل ودانش مبہوت ہو کر رہ گئی کہ یہ مٹھی بھر اسلامی فوج سپر پاور طاقت کے خوف ناک پنجے سے کیسے صحیح سالم واپس آئے گی؟ نہ تعداد کی کثرت اور نہ جنگی ساز وسامان کی فراوانی، وطن سے ہزاروں کلو میٹر دور جہاں نہ کھانے پینے کا انتظام نہ کسی قسم کی کمک ملنے کی امید، چشم فلک نے دیکھا کہ یہ مختصر سا گروہ دلوں میں شوق شہادت لیے ہوئے سپر پاور طاقت سے ہاتھ دو ہاتھ ہونے کے لیے تیز گامی کے ساتھ چلا جارہا ہے، میدان کار زار میں دونوں فریق صف آرا ہوتے ہیں اور دونوں فریق کے لوگ اپنی اپنی شجاعت وبہادری کے جوہر دکھاتے ہیں، چوں کہ رومی فوج تعداد میں زیادہ تھی اور جدید قسم کے ہتھیار سے لیس تھی، اس لیے تینوں سپر سالار یکے بعد دیگرے شجاعت وبہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، بالآخر فوج کی کمان سیدنا خالد بن ولیدؓ کے ہاتھ میں آگئی اور آپ نے شکست خوردہ اسلامی لشکر کو حوصلہ دیا، ان کی ٹوٹی ہوئی ہمتوں کو مجتمع کیا، چنانچہ تازہ دم ہوکر اسلامی مجاہدین نے دشمنوں پر سخت حملہ کیا اور ان کی لاشیں بچھادیں، دشمن فوج کی صفوں کی صفوں کو کاٹ کر رکھ دیا، بالآخر رات کی تاریکی چھا گئی اور دونوں فوجیں اپنے اپنے خیمے میں چلی گئیں، اگلی صبح جب میدان کارزار سجا تو آپ نے جنگی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے صفوں کی ترتیب کو بدل دیا، میمنہ کو میسرہ، میسرہ کو میمنہ کی طرف کردیا، مقدمہ کو ساقہ اور ساقہ کو مقدمہ کی طرف کردیا، ان کی اس جنگی حکمت عملی سے دشمن… جس کی صفوں میں پہلے ہی سے خوف وسراسیمگی پھیلی ہوئی تھی، مسلمانوں کے حوصلہ مندانہ مقابلے سے وہ گزشتہ کل مرعوب ہوچکے تھے… نے یہ خیال کیا کہ مسلمانوں کو ایک نئی کمک پہنچ چکی ہے، پہلے ہی وہ مسلمانوں کی دلیری اور جواں مردی سے مرعوب اور خائف ہوچکے تھے، اسلامی لشکر کے سرفروشانہ حملوں سے ان کی ہمتیں ٹوٹ چکی تھیں؛ اس لیے اسلامی سپہ سالار سیدنا خالد بن ولیدؓ کی اس جنگی حکمت عملی سے سراسیمہ اور پریشان ہوکر دشمنان اسلام نے راہ فرار اختیار کرنے ہی میں عافیت خیال کی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا میدان کار زار دشمنوں کی فوج سے خالی ہوگیا، اس اعصاب شکن اور خون ریز لڑائی میں صرف بارہ مسلمانوں نے جام شہادت نوش کیا، جب کہ مسلمانوں نے دشمن کے بیس ہزار فوجیوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ کر رکھ دیا، دشمنوں میں صف ماتم بچھ گئی، ہر طرف موت کا سناٹا چھا گیا، سیدنا خالد بن ولیدؓ اتنی جرأت وبہادری سے لڑے کہ اس لڑائی میں ان کے ہاتھوں میں نو تلواریں ٹوٹ گئیں اور اخیر میں ایک چھوٹی سی یمنی تلوار ان کے ہاتھ میں رہ گئی، اسلامی مجاہدین کے فولادی ہاتھوں نے دشمنوں کا ایسا گلہ گھونٹ دیا کہ ان کی زندگی کا کیف ونشاط پھیکا پڑگیا اور ان کے رقص وسرود کی محفلیں اجڑ گئیں، ایک عربی شاعر کا شعر اس موقع پر بالکل صحیح اور درست بیٹھتا ہے ؎ونحن قتلنا السد سد خفیّۃ
فما شربوا بعد علی لذّۃ خمرا
ہم نے خفیہ کے شیروں (بہادروں) کو قتل کیا، تو وہ اس کے بعد مزے لے کر شراب نہیں پی سکے۔
اسلامی مجاہدین کا یہ کارواں جب مدینہ منورہ لوٹا تو مسلمانان مدینہ نے گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا، اللہ کے رسولؐ نے سپہ سالار سیدنا خالد بن ولیدؓ کو سیف من سیوف اللہ کا لقب عطا فرمایا۔
غزوہ تبوک سے جب اللہ کے رسولؐ حضرات صحابہ کرامؓ کے ساتھ واپس ہوئے، تو گو اس وقت کی سپر پاور طاقت روم کو مسلمانوں کے مقابلے پر آنے کی ہمت نہیں ہوئی؛ لیکن اس کی وجہ سے پورے عرب میں مسلمانوں کا رعب ودبدبہ قائم ہوگیا، اور رومیوں کی دہشت اور ان کا خوف بھی عام لوگوں کے دلوں سے جاتا رہا، اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آپؐ نے یہ ضروری خیال کیا کہ سیاسی طور پر پورے عرب کو خارجی و بیرونی اثرات سے محفوظ کیا جائے اور قیصر روم… جس کے اقتدار کا مضبوط حلقہ عرب کی سرحدوں کو بھی جکڑے ہوئے تھا اور قبائل عرب کو عربوں کے خلاف استعمال کیا جاتا تھا… کی بڑھتی ہوئی پیش قدمیوں پر روک لگائی جائے، اس مقصد کے لیے اسلامی سپہ سالار سیدنا خالد بن ولیدؓ کو ان کی شجاعت وبہادری کی وجہ سے اللہ کے رسولؐ نے ایک بڑی اور پرخطرمہم پر روانہ کیا اور انہیں حکم دیا کہ دومۃ الجندل کے حاکم اکیدر بن مالک کو زندہ گرفتار کرکے لائیں، ایک حاکم کو زندہ گرفتار کرکے لانا بڑا کٹھن اور مشکل کام ہوتا ہے، کیوں کہ اس کے آگے پیچھے تربیت یافتہ مسلح سپاہیوں کا مضبوط پہرہ ہوتا ہے، جو جدید اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہتھیار سے لیس ہوتے ہیں، جو جان پر کھیل کر حاکم کی حفاظت کا جذبہ رکھتے ہیں، ایسے میں ایک حاکم کو زندہ پابہ سلاسل کرکے اللہ کے رسولؐ کی خدمت میں حاضر کرنا ایک جوکھم بھرا اور صبر آزما عمل تھا، اس مہم جوئی کے لیے سپہ سالار کی کمال ہوشیاری، فراست و دانائی، حاضر دماغی، حوصلہ وجواں مردی، جنگی حکمت عملی کی جو ضرورت ہوتی ہے وہ کسی سے مخفی نہیں ہے، چناں چہ سیدنا خالد بن ولیدؓ کو جوں ہی اللہ کے رسولؐ کا اشارہ ملا آپ اپنے چند جان بازوں کے ساتھ اس مہم کی انجام دہی کے لیے نکل پڑے، اکیدر ایک مضبوط اور عالی شان قلعے میں رہتا تھا، بزدل اور کم ہمت لوگ خود کو محفوظ حصاروں ہی میں قید رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں، دشمنوں کا خوف انہیں آزادانہ طور پر نقل وحرکت کرنے سے باز رکھتا ہے، چاندنی رات تھی، وہ قلعے کے اندر کھلی فضا میں چاندنی رات کے دل لبھانے والے مناظر سے لطف اندوز ہو رہا تھا، یکایک اس کی نگاہ قلعے کے دروازے پر کھڑی نیل گائے پر پڑتی ہے، وہ اس کے شکار کے لیے گھوڑے پر سوار ہوکر اپنے چند اہل خانہ کے ساتھ قلعے سے باہر نکلتا ہے، سیدنا خالد بن ولیدؓ کی عقابی نگاہیں اس کا پیچھا کرتی ہیں اور جوں ہی موقع ملتا ہے اسلامی مجاہدین کا یہ چھوٹا سا گروہ انہیں گھیر لیتا ہے، اکیدر بن عبدالمالک کا بھائی مزاحمت کرتا ہے اور خود سپردگی سے انکار کردیتا ہے، چناں چہ اس دشمن خدا کو بغیر کسی جھجک کے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے، اکیدر بن عبدالمالک کو پابہ زنجیر کرکے یہ کارواں فاتحانہ شان و شوکت کے ساتھ مدینہ منورہ واپس ہوتا ہے، حاکم اکیدر بن عبدالمالک جوں ہی اللہ کے رسولؐ کی خدمت میں پہنچا مرعوب اور خوف زدہ ہوکر اللہ کے رسولؐ کو سجدہ کرنے لگا، آپ نے اسے ہاتھ کے اشارہ سے سجدہ کرنے سے منع فرمایا، پھر آپ نے جزیہ کی ادا کرنے کی شرط پر اسے اور اس کے اہل خانہ کو جان کی امان دے دی اور وہ تشکر آمیز جذبات سے معمور ہوکر اپنے قلعہ لوٹ گیا۔
سیدنا خالد بن ولیدؓ کا انتقال
سیدنا خالد بن ولیدؓ کے انتقال کا وقت قریب آیا تو وہ رونے لگے اور فرمایا کہ اتنی اتنی (یعنی بہت زیادہ) جنگوں میں شریک ہوا ہوں اور میرے جسم میں بالشت بھر جگہ ایسی نہیں ہوگی جس میں تلوار یا نیزے یا تیر کا زخم نہ ہو اور دیکھو اب میں اپنے بستر پر ایسے مر رہا ہوں جیسے کہ اونٹ مرا کرتا ہے، یعنی مجھے شہادت کی موت نصیب نہ ہوئی۔ اللہ کرے بزدلوں کی آنکھوں میں کبھی نیند نہ آئے۔