مزید خبریں

سرجانی میں ایک شخص قتل‘بلدیہ میں خاتون اوربچہ ندی میں ڈوب گئے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر قائد میں حادثات وواقعات میں خاتون اور بچے سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے، دیگر واقعات میں خاتون بچے، پولیس اہلکار اور 5ڈاکوسمیت 13افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سولجربازار کے علاقے لسبیلہ پل کے نیچے ندی سے45سالہ شخص کی لاش برآمدہوئی ہے۔ سرجانی ٹاون کے علاقے کریمی چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35سالہ وسیم ولد شہادت نامی شخص ہلاک ہوگیا سول لائن کے علاقے ایم،ٹی،خان روڈ بحریہ کمپلیکس کے قریب ٹریفک حادثے میںدوافراد جاں بحق ہوگئے،جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، متوفین کی عمریں 27 سے 28سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے ،پولیس کے مطابق متوفین موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے۔بلدیہ رئیس گوٹھ کے قریب حب ندی میں خاتون اور بچہ دونوں ڈوب گئے ۔پولیس کے مطابق ڈوبنے والی خاتون کی شناخت 30سالہ فائزہ بی بی زوجہ صاحب اللہ اور 5سالہ بچہ عبداللہ ولد صاحب اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔