مزید خبریں

اساتذہ پر پولیس کا وحشیانہ تشدد انتہائی قابل مذمت ہے،تنظیم اساتذہ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کراچی سندھ اسمبلی کے باہر مرد و خواتین اساتذہ پر پولیس کی وحشیانہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور 2018ء جے ایس ٹی اور ای سی ٹی اساتذہ کو ریگولرائز اور اساتذہ کے جائز مطالبات کو فوری منظور کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر تنظیم اساتذہ پاکستان سندھ پروفیسر ابو عامر اعظمی، نائب صدر ڈاکٹر نصراللہ لغاری، سیکرٹری شبیر احمد میرانی، سیکرٹری نشرواشاعت مشرف کریم نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ تنظیم کے رہنمائوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لیے پُرامن احتجاج کرنا ہر ایک کا آئینی اور جمہوری حق ہے طاقت کے زور پر آئینی اور جمہوری حق چھیننا اور خصوصاً خواتین اساتذہ پر پولیس تشدد اور انہیں سر عام سڑکوں پر گھسیٹنا سندھ کی جمہوری حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ تنظیم اساتذہ کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پُرامن احتجاج کرنے والے اساتذہ کرام سے جمہوری طریقہ اپنانے، مذاکرات کرنے اور اساتذہ کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے فسطائیت کا مظاہرہ کیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ تنظیم اساتذہ پاکستان سندھ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ، سیکرٹری تعلیم سندھ اکبر علی لغاری سے پُر زور مطالبہ کرتی ہے کہ اساتذہ کی بے حرمتی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن اور اساتذہ کے تمام جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔