مزید خبریں

پولنگ اسٹیشنز پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،ندیم الرحمن

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن کی زیر صدارت حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ایک اجلاس ان کے دفتر شہباز ہال شہباز بلڈنگ میں منعقد ہوا جس میں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر زنے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع کے پولنگ اسٹیشنز میں پینے کے پانی، بجلی، بیت الخلا ، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر ضروری سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں جبکہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں ڈویژنل انتظامیہ سے فوری طور پر رابطہ کریں اور روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارکردگی رپورٹ جمع کروائیں تاکہ یہ مسائل حل ہو سکیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولنگ اسٹیشنز پر سیکورٹی کے موثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اسکولوں کی بلڈنگ میں قائم پولنگ اسٹیشنز کی صورتحال کااز سر نو جائزہ لیں جبکہ ان پولنگ اسٹیشنز میں صفائی ستھرائی ، بجلی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو 21 جولائی تک یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمراز کی تنصیب جلد مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسکول سے کوئی بھی چیز چوری ہوئی تو اس کا ذمہ دار متعلقہ اسکول کا ہیڈ ماسٹر ہو گا ۔ اس موقع پر ایکسین ورکس اینڈ سروسز نے پولنگ اسٹیشنز میں سہولیات سے متعلق بریفنگ دی ۔