مزید خبریں

کوٹری ،بلدیاتی حکام کی غفلت سیوریج نظام درست نہ ہوسکا

کوٹری(جسارت نیوز)بلدیاتی حکام کی مبینہ غفلت ولاپروائی کے سبب سیوریج نظام درہم برہم ہوچکا ہے مون سون بارشوں سے قبل سیوریج اور برساتی نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے سے حالیہ بارشوں نے پورے شہر کو برساتی پانی میں ڈبو دیا تھا برساتی پانی کی نکاسی ہوتے ہی سیوریج نظام نے دم توڑ دیا اور شہر کی اہم تجارتی شاہراہ سول اسپتال کے اطراف اور گنجان آباد شہری علاقوں میں گٹروں کا پانی اُبل کر تالاب کی شکل اختیار کرچکا ۔بارشوں میں شہری برساتی پانی کھڑا ہونے سے گھروں میں محصور بنے ہوئے تھے جس کے بعد سیوریج نظام بھی بروقت صفائی نہ ہونے سے فیل ہوچکا ہے۔ گزشتہ 10 روز سے میونسپل عملہ موٹر لگا سیوریج کا پانی گٹروں سے بائی پاس کرکے وقتی طور پر صفائی کرادیتا ہے لیکن دوسرے روز ہی گٹروں کا پانی اُبل پڑتا ہے جس سے کاروباری حضرات اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق او پی ایس پر مقرر کوٹری میونسپل کمیٹی میں تعینات چیف میونسپل آفیسر کامران کہلوڑو نے صفائی ستھرائی پر مامور عارضی اور مستقل ملازمین کو کام نہ کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔بلدیہ کوٹری میں 300 سے زائد عملہ ہونے کے باوجود نصف عملہ غائب اور نجی کاموں میں مصروف دکھائی دیتا ہے جس کی وجہ سے صفائی ستھرائی کا نظام ابتر بن چکا ہے۔شہری وسماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ اور وزیر بلدیات سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔