مزید خبریں

سراج درانی سے وزیراعظم کی معاون خصوصی رومینا خورشید کی ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے پارلیمانی ٹاسک فورس /وزیر مملکت رومینا خورشید عالم نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شازیہ صوبیہ ، سید علی سردار جعفری ،سید عمار یاسر گیلانی اور حرا نازاعوان شامل تھے۔ وفد نے قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی کو قومی پارلیمنٹرین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ قومی پارلیمنٹرین کانفرنس 27اور 28جولائی کو اسلام آبادمیں ہوگی جس میں چاروں صوبوں سے پارلیمنٹرین شرکت کریں گے۔ ملاقات میں قانون سازی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔ اس موقع پر قائم مقام گورنرسندھ نے کہا کہ قانون سازی کے حوالے سے سندھ سرفہرست صوبہ ہے ، ہندو میرج بل اپوزیشن کے رکن نے پیش کیا اسے حکومت نے پاس بھی کرایا ، چائلڈ ابیوز ، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور گھریلو ملازمین کے حقوق کے بل پاس کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ نے 25ہزار روپے ماہانہ تنخواہ مقرر کی، ساتھ ساتھ عوامی فنڈز اور فلاح و بہبود کے اقدامات کو تحفظ دیا گیا۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے پارلیمانی ٹاسک فورس ووزیر مملکت رومینا خورشید عالم نے کہا کہ دیگر صوبوں کو سندھ سے قانون سازی سیکھنے کی ضرورت ہے۔