مزید خبریں

پی ٹی آئی ارکان پرویز الٰہی کو ووٹ دینا نہیں چاہتے،سعید غنی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہو ئے کہا ہے کہ فواد چودھری نے جو الزامات لگائے ہیں وہ جھوٹ اور بیہودہ ہیں۔ فواد چودھری کی آصف علی زرداری کے ارکان کو 40 کروڑ دینے کی باتیں اس بات کو عیاں کرتی ہیں کہ پی ٹی آئی کے بہت سے ارکان پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دینا چاہتے۔ عمران خان کی جانب سے بھی اس بات کا اعتراف ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دینا چاہتے۔ یہ لوگ آپسی لڑائی اور ممبران کو نہ سنبھال سکنے کا الزام پیپلز پارٹی، آصف علی زرداری یا کسی اور شخص یا جماعت پر لگا کر اپنی جان چھڑانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پوری قوم کے سامنے یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ اس ملک کی معیشت اور اس ملک میں سیاسی عدم استحکام کا اگر کوئی ذمے دار ہے تو وہ صرف اور صرف عمران خان ہے۔ عمران خان اپنی ذات سے آگے کسی کو دیکھنا نہیں چاہتے۔ انہوںنے کہا کہ عمران نیازی آج اس الیکشن کمیشن پر الزامات لگا رہا ہے جو اس وقت اس ملک کی تاریخ کا غیرمتنازع الیکشن کمیشن ہے جو اپنی ذمے داریاں پوری کرنے کی کوشش کررہا ہے۔عمران خان پاکستان کے آئین، اداروں کے فیصلوں اور اسٹیبلشمنٹ کے غیرسیاسی کردار کو تسلیم کریں۔