مزید خبریں

ترازو کے نشان پر مخلص قیادت کو میدان میں اتار اہے ‘ دردانہ صدیقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے تحت سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی کی زیر صدارت بیت المال کے ذمے داران کے ساتھ اہم نشست ہوئی جس میں کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی مہم میں بھرپور کردار ادا کرنے عوامی رابطوں کے ذریعے ہر دائرے میں جماعت اسلامی کے نمائندگان کو ووٹرز سے متعارف کرانے کے ساتھ الیکشن فنڈ جمع کرنے اور پولنگ کے دن اپنے حصے کا کام کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا حل دیانتدار مخلص قیادت ہے اور وہ قیادت جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ہمیں اللہ پر توکل اور بھروسے کے ساتھ اپنی جانب سے مہم کے آخری مراحل میں بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔علاوہ ازیں سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مرکزی شعبہ جات الخدمت اور ول فورم کے ذمے داران ساتھ اہم نشست سے خطاب کے دوران کہا کہ عوام نے مختلف ادوار میں مختلف سیاسی نمائندوں کے دعوئوں اور وعدوں پر اعتبار کر کے اپنے قیمتی ووٹ سے نوازا مگر کراچی کی حالت زار اور مسائل کا انبار ان کے قیمتی ووٹ ضائع ہونے پر نوحہ کناں ہیں۔ارکان جماعت اسلامی و کارکنان اپنی تمام صلاحیتیں بروے کار لائیں اور اس سلسلے میں جو مالی معاونت درکار ہے وہ بھرپور طریقے سے فراہم کریں ، الیکشن کے بہترین نتائج سمیٹنے کے لیے پوری لگن سے محنت کریں ۔