مزید خبریں

سلمان شہباز اور طاہر نقوی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور (نمائندہ جسارت) سپیشل کورٹ سنٹرل لاہور نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا ۔عدالت نے 30 جولائی کو سلمان شہباز اور طاہر نقوی کی جائیدادوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سلمان شہباز اور طاہر نقوی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزم مقصود چپڑاسی کی موت کا سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ عدالت نے اپنے تحریر ی حکم میں کہا ہے کہ سلمان شہباز اور طاہر نقوی کو اشتہاری قرار دینے کی رپورٹ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کی جائے، تفتیشی افسر نے فرائض کی انجام دہی میں غفلت پر کوئی وضاحت بھی پیش نہیں کی، ڈائریکٹر ایف آئی اے تفتیشی افسر ندیم اختر کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کریں، تفتیشی افسر تاخیر سے عدالت پہنچا، اشتہاری ملزموں کے اشتہارات اور رپورٹس سمیت پیش ہونے کا حکم تھا مگر تفتیشی صرف اشتہار کے ساتھ پیش ہوا، تفتیشی افسر کے رویے سے لگا کہ وہ غیر سنجیدہ ہے۔عدالت نے شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے 30 جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔عدالت نے کہا کہ شہباز شریف کی حاضری معافی کابینہ اجلاس کے سبب انصاف کے تقاضوں کے مطابق منظور کی گئی۔