اسلام آباد (کامرس ڈیسک) چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر شیخ آصف ادریس نے کہا کہ ملکی اقتصادی ترقی کے لیے ہمیں مقامی انڈسٹری کو فروغ دینا ہوگا ،درآمدات پر انحصار کم کرکے برآمدات کو فروغ دینا ہوگا۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ برآمدات کے فروغ سے جہاں قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی وہیں تجارتی ترقی سے ملکی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان زرعی پیدا واری ملک ہونے کے باوجود ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے گندم چینی وغیرہ بیرون ملک سے منگوانے پڑتے ہیں یوں ہم اپنا قیمتی زر مبادلہ ضائع کر دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لوکل انڈسٹری کو اہمیت دی جائے، بیرون ممالک سے جو اشیاء منگوائی جاتی ہیں وہ لوکل تیا ر ہوں جس سے روزگار میں اضافہ، ڈالر کی شرح تبادلہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اورسیز پاکستان کا بڑا کر دار ہے انہوں نے محب وطن ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے زر مبادلہ کے ذخائر کیلئے ریکارڈ رقوم ملک میں بھجوائی ہیں۔