مزید خبریں

صنعتی خام مال کی درآمدات خطرے میں پڑسکتی ہیں، سلیمان چائولہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائمقا م صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چائولہ نے کہا ہے کہ روپے کی قدر کا ڈالر کے مقابلے میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کا شکار ہو نا معیشت کے لیے تباہی لے کر آرہا ہے اور اب ضروری کمو ڈیٹز اور صنعتی خام مال کی درآمدات بھی خطرے میں پڑسکتی ہیں۔ انہوں نے صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ معاملات اس قدر بدانتظامی کا شکار ہیں اور سنجیدہ نوعیت کے ہیں کہ بہت سی فیکٹریاں بند ہونے کے خطرے میں ہیں یا انہیں اپنے پیداواری شیڈول کو پورا نہ کرنے اور ایکسپورٹ ڈیڈ لائن کو مس کرنے پر بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔قائمقام صدر ایف پی سی سی آئی نے تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ اس معاملے کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے اکنامک ایمرجنسی کے طور پر لیا جانا چاہئے اور انہو ں نے ایف پی سی سی آئی کے اس موقف کا اعادہ بھی کیا کہ تمام فریقین کو ایک کم از کم اتفاق را ئے یعنی چارٹر آف اکانومی پر متفق ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی وسیع تر قومی مفاد میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک ساتھ بٹھانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔قائمقام صدر ایف پی سی سی آئی آئی صدر نے تجویز پیش کی ہے کہ حکومت کو مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال، افراتفری اور افواہوں کو روکنے کے لیے تمام ذرائع سے ڈالر کی متوقع آمد پر مارکیٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ سلیمان چاولہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ڈالر کے آؤٹ فلو کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف ٹولز کے استعمال بارے میں بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا۔