مزید خبریں

حیدرآباد ،بلدیاتی انتخابات کیلئے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)آل سندھ بس ، منی بس اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ابراہیم قاضی نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے سیکرٹری آر ٹی اے پرویز قریشی نے ٹرانسپورٹروں پر عرصہ حیات تنگ کردیاہے۔ 24جولائی کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں استعمال کیلئے 17جولائی سے ہی مسافر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹروں کی جانب سے اعزازی طورپر گاڑیاں دیے جانے کے باوجود سیکرٹری اور اس کے کارندے مختلف سڑکوں پر کھڑے ہوکر مسافروںسے بھری گاڑیاں خالی کراکر اپنے قبضے میں جبراً لے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس اقدام کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ جن گاڑیوں کو چھوڑا جارہا ہے ان کے مالکان سے پانچ ہزار روپے فی گاڑی رشوت طلب کی جارہی ہے۔ بصورت دیگر گاڑی پر قبضہ کرکے اسے اپنے ہمراہ لے جایا جاتا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات کرکے مسافروں کو اذیت اور پریشانی سے بچائیں۔