مزید خبریں

سامان اور تحفظ کی ذمہ داری حیسکو پر عائد ہوتی ہے،عبداللطیف

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پی ایم پیکج کے تحت شہید ، مرحوم ملازمین کی بھرتی پر بچوں کو تعلیمی قابلیت کے مطابق اسکیل اور تنخواہ دی جائیگی ’’پہلے سیفٹی بعد میں کام ‘‘کے اصول کے مطابق پہلے مرحلے میں آپریشن سرکل حیسکو حیدرآباد کی ڈویژنوں میں ٹی اینڈ پی اور پی پی ای کی فراہمی کردی گئی ہے کیونکہ جب تک فوج کے پاس ہتھیار نہیں ہوںگے وہ کس طرح جنگ لڑے گی ادارے کی ترقی ہمارے فرائض میں شامل لیکن سامان اور تحفظ کی ذمہ داری حیسکو انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔آج کی اس تقریب تقسیم سامان میں سی بی اے یونین ، حیسکو انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی صاحب بھی خود بہ نفسِ نفسِ موجود ہیں جو ہمارے ادارے کی ترقی کیلیے ہم سب کی ایک صفحے پر ہونے کی دلیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر و صوبائی چیئرمین عبداللطیف نظامانی نے آپریشن سرکل حیسکو حیدرآباد کے دفتر میں ڈی سی حیدرآباد فواد غفار سومرو ، چیف انجینئر آپریشن حیسکو سرفراز احمد، ڈائریکٹر سیفٹی مشتاق احمد دائیو ، ڈپٹی ڈائریکٹر (PRO) صادق قمبر ، ایکسینز گاڑی کھاتہ ، لطیف آباد، قاسم آباد، اسٹور کی موجودگی میں ڈویژنز اور سب ڈویژنوں کے نمائندگان کو ٹی اینڈ پی اور پی پی ای کی تقریب تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی بی اے یونین کے صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال احمد خان، اعظم خان، محمد حنیف خان، رفیع الدین شاہ ، نور احمد نظامانی، گل محمد نظامانی، حامد قائمخانی، غلام نبی کھوسو، فرید احمد، کمال شاہ، کمال احمد کے علاوہ دیگر نمائندگان بھی موجود تھے ۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر حیدرآبادفواد غفار سومرو نے تھوڑے وقت کیلیے شرکت کی اور سامان کے بارے میں دریافت کیا اور اپنی تجاویز سے آگاہ کیا وہ اپنی دیگر مصروفیات کے باعث جلد روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے مزید بتایا کہ یونین نے 6جولائی 2022ء کو ملک گیر سطح پر احتجاج کیا تھا جس میں دیگر مطالبات کے علاوہ سیفٹی اور ملازمین کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے ٹی اینڈ پی ، پی پی ای اور بجلی چور کنڈہ مافیا غنڈ عناصر سے ملازمین کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا اس کے علاوہ ہم نے یہ بھی بڑا مطالبہ کیا تھا کہ شہید و مرحوم ملازمین کے بچوں کی بھرتی پر انہیں تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر اسکیل اور اس کی تنخواہ بھی دی جائیگی تو آج اللہ کے فضل اکرم سے ہمارے یہ جائز مطالبات نہ صرف منظور ہوچکے ہیں ، سامان کی تقسیم آج سرکل حیدرآباد سے شروع کردی گئی ہے جبکہ اگلے مرحلے میں سرکل لاڑ میں سامان کی تقسیم شروع کی جائیگی۔