مزید خبریں

میرپورخاص،بارش کے پانی کی عدم نکاسی پر مکینوں کا احتجاج

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) مختلف علاقوں میں کئی روز سے بجلی کے خراب ٹرانسفارمرز ٹھیک نہ کرنے اور بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج ،ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون سبحانی مسجد کے قریب بجلی کا ٹرانسفارمر گزشتہ جمعہ کے روز سے خراب پڑا ہوا ہے پانچ روز سے علاقے میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین شدید اذیت میں زندگی گزار رہے ہیں ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حیسکو اہلکار علاقہ مکینوں سے چالیس ہزار روپے دینے اور ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے کا کہہ رہے ہیں علاقے کے گھروں اور مساجد میں پانی ختم ہو چکا ہے گھروں میں موجود بیمار بزرگ ، خواتین اور بچے گرمی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ سندھڑی روز میمن پلازہ کے قریب بجلی کا ٹرانسفارمر بھی گزشتہ ایک ہفتے سے خراب پڑا ہوا ہے علاقہ مکینوں نے کئی بار حیسکو شکایاتی سیل میں درخواستیں دی ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے جس پر علاقہ مکینوں نے سٹرک پر ٹائر نذر آتش کر کے حیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بجلی کے ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کے نرخ ہر ماہ بڑھا دیتی ہے مگر صارفین کو کوئی سہولت فراہم نہیں کرتی ہے اگر ٹرانسفارمر خراب ہوجائے تو حیسکو کے اہلکار بنانے کے پیسے صارفین سے طلب کرتے ہیں ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بل بھی بھریں اور ٹرانسفارمر بھی ہم اپنے پیسوں سے بنائیں تو واپڈا کو پرائیویٹ کر دیا جائے تو بہتر رہے گا۔ دوسری جانب شہر کے علاقے ٹورآباد میں واقع مسجد نبی رحمت کے سامنے بارش کا پانی تاحال کھڑا ہے جس کی وجہ سے شہریوں اور نمازیوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے اسی طرح ریواچند گارڈن ٹنکی موڑ پر کئی روز سے بارش اور سیوریج کا گند ا پانی جمع ہے سٹرک پر بڑے بڑے کھڈے پڑ چکے ہیں جس میں کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوچکے ہیں ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا اس جانب توجہ مرکوز کریں۔