مزید خبریں

سندھ،پنجاب بھر میں ایک بار پھر آج سے مارکیٹیں رات9 بجے بند کرنیکا حکم

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کے اوقات بحال کردیے گئے، محکمہ داخلہ سندھ، پنجاب اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن کا اطلاق آج سے ایک مہینے تک ہوگا۔ جاری نوٹیفکیشن میں تمام بازار، تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور سپر اسٹورز رات 9 بجے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جبکہ شادی ہالز، بینکوئٹس اور تقاریب ساڑھے 10 بجے تک ختم کرنی ہوں گی جبکہ ریسٹورنٹس، کافی شاپس، ہیلتھ سینٹرز، کلبز، جم، سنیما تھیٹر ساڑھے 11 تک بند ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بل بورڈز اور دیگر اشتہارات کی لائٹس بھی رات 9 بجے تک بند کرنی ہوں گی۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ پابندیوں کا اطلاق ہفتے کے روز نہیں ہوگا جبکہ ایک روز جمعہ یا اتوار کو چھٹی کا روز تصور کیا جائے گا، پابندیوں کا اطلاق میڈکل اسٹورز، اسپتال مارمیسیز، پیٹرول پمپس، دودھ کی دکانوں، بیکریوں، لیبارٹریز، کال سینٹرز، پوسٹل سروسز، ایمبولینس سروسز، پنکچر کی دکانوں، بس اڈے اور سبزی منڈی وغیرہ پر نہیں ہوگا۔ اس سے قبل عیدالاضحیٰ کے موقع پر کاروباری وقت سے متعلق جاری کیا گیا گزشتہ نوٹیفکیشن 3 جولائی کو عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔